جموں: تین شدت پسند ہلاک

- مصنف, بینو جوشی
- عہدہ, بی بی سی، جموں
- وقت اشاعت
ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک فوجی آ پریشن میں تین مبینہ شدت پسندوں کو ہلاک کردیا ہے۔
فوج کے مطابق جموں کے کشتواڑ ضلع میں تین شدت پسندوں نے ایک مسجد میں پناہ لی ہوئی تھی۔ فوج نے انہیں ایک آپریشن کےدوران ہلاک کردیا ہے۔
برگیڈیر گردیپ سنگھ نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے تینوں پسندوں کا تعلق شدت پسند تنظيم لشکریہ طیبہ ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک کا نام یوسف گجر ہے جو تنظیم کا اس علاقے کا کمانڈر تھا۔
فوج کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ تین مشتبہ شدت پسندوں نے جموں کے شمال مشرقی ضلع کشتواڑ کی ایک مسجد میں پناہ لے رکھی ہے۔ فوج کا کہنا ہے کہ انہیں شک ہے کہ ایک اور شدت پسند مسجد میں ہے اور اس کو پکڑنے کے لیے فوج آپریشن جاری ہے۔
فوج کے مطابق مسجد میں پناہ لینے سے پہلے پولیس اور شدت پسندوں کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا تھا۔
فوج اور سیکورٹی فورسز نے مسجد کو گھیر لیا تھا۔ فوج کے مطابق یہ ایک حساس آپریشن تھا کیونکہ شدت پسند مسجد میں چھپے تھے۔


















