ممبئی میں پانی کی کٹوتی

فائیو سٹار ہوٹلوں کو ایک نوٹس جاری کیا ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے سوئمنگ پولز میں پینے کے پانی کا بالکل استعمال نہ کریں۔
،تصویر کا کیپشنفائیو سٹار ہوٹلوں کو ایک نوٹس جاری کیا ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے سوئمنگ پولز میں پینے کے پانی کا بالکل استعمال نہ کریں۔
    • مصنف, ریحانہ بستی والا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
  • وقت اشاعت

ممبئی میونسپل انتظامیہ نے مون سون کی ناکافی بارش کی وجہ سے حالیہ زمانے میں ممبئی شہریوں کو پانی فراہمی میں تیس فیصد کٹوتی کر دی ہے۔ سوئمنگ پولزّ کو پانی کی فراہمی بند کر دی گئی ہے۔

منگل سے ممبئی کے شہریوں کے لیے جاری اس کٹوتی کی وجہ سے ممبئی کے بیشتر علاقوں میں کئی شہری آج پانی کی ایک بوند سے بھی محروم رہ گئے۔ ایسا ممبئی میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ جب پانی کی فراہمی میں تیس فیصد کی کٹوتی کی جارہی ہے۔ اس سے پہلے گزشتہ برس پچیس فیصد کٹوتی کی گئی تھی۔

کئی علاقوں میں لوگوں نے پیسہ دے کر پانی خریدا۔ دس روپیہ اور بیس روپیہ فی گیلن پانی فروخت ہوا۔ ممبئی کے مشرقی مضافاتی علاقے گوونڈی میں جہاں پہلے سے لوگوں کی پانی کی قلت کا سامنا تھا، اب پانی کے بالکل نہ ہونے کی وجہ سے لوگ بے حد پریشان ہیں۔ باندرہ کے علاقے میں پانی کے نل بالکل سوکھے تھے۔ جنوبی علاقوں میں پانی کا پریشر کم ہونے کی وجہ سےاونچی عمارتوں میں رہنے والوں کو بھی پانی نہیں مل سکا ہے۔

ممبئی کو پانی فراہم کرنے والے ہائیڈرولک ڈیپارٹمنٹ نے فائیو سٹار ہوٹلوں کے سوئمنگ پولزکو پانی فراہم کرنا بند کر دیا ہے اور انہیں ایک نوٹس جاری کیا ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے سوئمنگ پولز میں پینے کے پانی کا بالکل استعمال نہ کریں۔

ممبئی ہائیڈرولک انجینئر ایس ایس کورلیکر کے مطابق ممبئی کے مغربی مضافات کو پانی فراہم کرنے والی جھیلیں اپر ویترنا، مودک ساگر اور تانسا جھیل میں محض اتنا پانی ہے جو ممبئی کے مغربی مضافاتی علاقوں میں پچیس دنوں کے لیے پانی کی فراہمی کے لیے کافی ہے لیکن اگر جھیل والے علاقے میں بارش نہیں ہوئی تو حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں۔

ممبئی کو پانی فراہم کرنے والی چھ جھیلیں تانسا، مودک ساگر ویہار لیک، تلسی لیکن اپر ویترنا اور بھاتسا ہیں۔ ہر سال مون سون میں انہی جھیلوں سے ممبئی شہریوں کو پانی کی فراہمی ہوتی ہے۔ اس سال مانسون بہت تاخیر سے آیا اور ان جھیلوں کے اطراف بارش بہت کم ہوئی ہے۔ ویہان جھیل جہاں سے جنوبی ممبئی کو پانی فراہم کیا جاتا ہے اس سال اب تک یہاں 395 ملی میٹر ہی بارش ہوئی ہے جبکہ گزشتہ برس 1027ملی میٹر بارش ہو چکی تھی۔

ممبئی اور ممبئی کے مغربی مضافات میں دہیسر اور مشرقی مضافات میں ملنڈ تک شہریوں کو روزانہ چونتیس سو ملین لیٹر پانی فراہم کیا جاتا ہے لیکن اب اس میں تیس فیصد کی کمی کی گئی ہے۔ ایڈیشنل میونسپل کمشنر انیل دگیکر کے مطابق ابھی حالات بہت خراب نہیں ہیں اس لیے وقت سے پہلے احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں لیکن اگر جھیلوں کے علاقوں میں بارش مزید ایک ماہ تک نہیں ہوئی تو حالات خراب ہو سکتے ہیں۔