وارم اپ میچ: پاکستان انڈیا آمنے سامنے

آئی سی سی ورلڈ ٹونٹی ٹونٹی مقابلوں کی تیاری کے سلسلے میں کرکٹ کے روایتی حریفوں پاکستان اور انڈیا کے مابین لندن کے اوول گراؤنڈ میں وارم اپ میچ کھیلا جا رہا ہے۔
میچ برطانیہ کے معیاری وقت کے مطابق شام ساڑھے پانچ بجے شروع ہو گا۔ میچ میں انڈیا کی ٹیم کی قیادت مہندر دھونی کریں گے جبکہ پاکستان کے کپتان یونس خان ہوں گے۔
دو سال قبل پہلے آئی سی سی ورلڈ ٹونٹی ٹونٹی کا فائنل بھی انہیں دو ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا تھا جسے انڈیا کی ٹیم نے جیت لیا تھا۔
آئی سی سی ورلڈ ٹونٹی ٹونٹی کی تیاری کے سلسلے میں پیر کے روز پاکستان کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوا تھا جس میں پاکستان کی ٹیم کو شکت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
دوسری طرف پیر کے روز ہی انڈیا کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوا تھا جسے نیوزی لینڈ کی ٹیم نے جیت لیا تھا۔
بدھ کے روز ہونے والے دیگر ورام اپ مقابلوں میں سری لنکا کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہو گا جبکہ میزبان انگلینڈ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔یہ دونوں میچ لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے جائیں گے۔


















