اسرائیلی وزیر اعظم کی اوباما سے ملاقات

اسرائیلی وزیر اعظم اتوار کو واشنگٹن پہنچے
،تصویر کا کیپشناسرائیلی وزیر اعظم اتوار کو واشنگٹن پہنچے
وقت اشاعت

اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو کی پیر کو وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر اوباما سے پہلی ملاقات ہو رہی ہے۔

اس ملاقات میں فلسطین اور اسرائیل کے معاملے کے علاوہ ایران کا جوہری پروگرام بھی زیر بحث رہےگا۔

اسرائیل کے وزیر دفاع ایہود براک نے عندیہ دیا ہے کہ اس موقع پر اسرائیلی وزیر اعظم شاید فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے کسی منصوبے پر رضامند ہو جائیں گے۔ تاہم مسٹر نیتن یاہو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں ایران کا معامہ سر فہرست ہوگا۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے فلسطینی ریاست پر بات اسرائیلی ٹی وی پر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’عرب کہتے ہیں کہ دو ریاستیں ہوں۔ اور مجھے کوئی وجہ نہیں نظر آتی کہ نیتن یاہو بھی کسی معاہدے کے بعد یہ ہی بات کیوں نہ کہیں۔۔۔تاکہ دو قومیں امن اور باہمی احترام سے برابر برابر رہ سکیں۔‘

بنیامن نیتن یاہو نے اب تک دو ریاستی حل پر بات نہیں کی ہے، ان کا صرف یہ موقف رہا ہے کہ وہ اس معاملے میں ایک ’نئی سوچ‘ کے حق میں ہیں۔

وائٹ ہاؤس میں صدر اوباما اور اسرائیلی وزیر اعظم کی ملاقات کے بعد دونوں راہنما ایک مشترکہ اخباری کانفرنس سے مختصر حظاب کریں گے ۔ اس کے بعد وہ اپنی بیویوں کے ہمراہ ایک ظہرانے میں شریک ہونگے۔

اس دورے پر اسرائیلی وزیر اعظم امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن اور وزیر دفاع رابرٹ گیٹس کے علاوہ کانگریس کے اراکین سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وہ منگل کی شام کو اسرائیل واپس پہنچیں گے۔