آخری وقت اشاعت:  Wednesday, 15 july, 2009, 09:33 GMT 14:33 PST

ایران:طیارہ تباہ 168 افراد ہلاک

ایران میں سرکاری میڈیا کے مطابق کیسپین ایئرلائنز کا ایک طیارہ ملک کے شمال میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔ سرکاری ٹی وی کا کہنا تھا کہ طیارے میں عملے کے ارکان سمیت 168 مسافر ہلاک ہوگئے ہیں۔ اب تک اس حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ طیارہ ایران کے دارالحکومت سے آرمینیہ جا رہا تھا اور بیشتر مسافر آرمینیائی تھے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ایران کی وزارت صحت کے سانحوں سے نمٹنے والے ادارے کے سربراہ محمد رضا منتظر خراسان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’تباہ ہونے والے طیارے میں سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے ہیں‘۔ ایرانی میڈیا کے مطابق حکام نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق یہ طیارہ تہران کے شمال مغرب میں صوبہ قزوین کے ایک گاؤں جنت آباد کے قریب تباہ ہوا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق کیسپین ایئر لائنز کا یہ طیارہ تہران سے آرمینیا کے شہر یروان جا رہا تھا۔

ایرانی پریس ٹی وی کے مطابق ایرانی ایوی ایشن آرگنائزیشن کے ترجمان رضا جعفرزادے کا کہنا ہے کہ ’کیسپین ایئر لائنز کا طیارہ انٹرنیشنل امام خمینی ایئرپورٹ سے اڑنے کے سولہ منٹ بعد گر گیا‘۔ انہوں نے کہا کہ طیارے کی پرواز سے قبل کوئی غیر معمولی صورتحال رپورٹ نہیں کی گئی۔

صوبہ قزوین کے فائر برگیڈ محکمے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ مقامی شہریوں نے دوپہر کو گہرا دھواں دیکھ کر ہنگامی سروسز کو فون کرنا شروع کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’جائے وقوع پر پہنچنے کے بعد ہمیں اندازہ ہوا کہ جہاز کا ملبہ تقریباً دو سو میل کے دائرے میں پھیلا ہوا ہو سکتا ہے۔‘

ایرانی طیارے کا ملبہ

طیارہ تہران کے شمال مغرب میں صوبہ قزوین کے ایک گاؤں جنت آباد کے قریب تباہ ہوا ہے

کیسپین ایئر لائنز کے ترجمان نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا ہے کہ جہاز میں سوار زیادہ تر مسافروں کا تعلق آرمینیا سے تھا۔ خبروں میں کہا گیا کہ طیارے پر ایران کے قومی جونئر جوڈو ٹیم کے دس اراکین بھی سوار تھے جو آرمینیا تربیت کے لیے جا رہے تھے۔ ایرانی صدر نے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔

تباہ ہونے والا جہاز روسی ساخت کا تھا جو 1987 میں تعمیر کیا گیا تھا۔

ایران میں 1979 میں اسلامی انقلاب آنے کے بعد مغربی ممالک نے ایران پر تجارتی پابندیاں عائد کی تھیں جس کے باعث ایران کو اپنے ہوائی بیڑے میں روسی ساخت کے جہاز شامل کرنے پڑے تھے۔

[an error occurred while processing this directive]

BBC navigation

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔