جیڈ گڈی زندگی کی جنگ ہار گئیں

برطانوی ٹی وی چینل فور کے پروگرام ’ بگ برادر‘ سے شہرت پانے والی جیڈ گڈی وفات پا گئی ہیں۔
ستائیس سالہ جیڈ گڈی دو بچوں کی ماں تھیں اور سرویکل کینسر میں مبتلا تھیں۔ ان کا کینسر جگر اور جسم کے دوسرے حصوں تک پھیل گیا تھا اور ڈاکٹروں نے فروری میں بتا دیا تھا کہ جیڈ کا بچنا ممکن نہیں۔
جیڈ گڈی کے ترجمان میکس کلفورڈ نے کہا ہے کہ جیڈ گڈی نے اپشائر، ایسکس میں اپنے گھر میں وفات پائی۔جیڈ گڈی کی وفات 'مدر ڈے ‘ پر ہوئی ہے۔
جیڈ گڈی کے کینسر کی تشخیص اگست دو ہزار آٹھ میں اس وقت ہوئی تھی جب وہ ہندوستان میں ایک ریئلٹی پروگرام میں شریک تھیں۔
جیڈ گڈی چینل 4 کے’بگ برادر‘ میں شرکت سے پہلے گمنام تھیں اور انہیں اس پروگرام کے دوران انڈین اداکارہ شلپا شیٹی کے بارے میں نسل پرستانہ کلمات کہنے پر شہرت ملی تھی۔
جیڈ گڈی اپنی بیماری کے دوران ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز بن گئیں اور اسی دوران انہوں نے اپنے بوائے فرینڈ ٹویڈ سے شادی بھی کی۔
جیڈ گڈی نے اپنی شادی کی تقریب کی کوریج کے جملہ حقوق ایک ملین پاؤنڈ میں فروخت کیے اور ان کا کہنا تھا کہ یہ رقم ان کے بچوں کے مستقبل کے لیے ہے۔ جیڈ گڈی کے دو بیٹے اپنے والد بریزیر کے ساتھ رہ رہے ہیں۔


















