’تھیٹر کو بچانے کی ضرورت ہے‘

’ملک میں تھیٹر کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے‘
،تصویر کا کیپشن’ملک میں تھیٹر کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے‘
    • مصنف, شہزاد ملک
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
  • وقت اشاعت

اجوکا کی آرٹسٹک ڈائریکٹر مدیحہ گوہر نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے ملکی ثقافت اور تھیٹر کو بچانے کی کوشش نہ کی تو چیزیں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ختم ہوجائیں گی۔

جمعہ کو اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملکی کلچر کو فروغ دینے کے لیے سپانسر کرے۔ انہوں نے کہا کہ اجوکا تھیٹر نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے ساتھ مل کر اجوکا تھیٹر کی سلور جوبلی کے موقع پر ایک پروگرام تشکیل دیا ہے جس میں چار اپریل سے بارہ اپریل تک اسلام آباد میں مختلف سٹیج ڈرامے پیش کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ تاریخوں کے دوران روزانہ مختلف مسائل پر ڈرامے پیش کیے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگرچہ اُنہیں شدت پسندوں کی طرف سے دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں تاہم اس کے باوجود وہ اپنا مشن جاری رکھیں گی اور ملک میں تھیٹر کلچر کو فروغ دیں گی۔

مدیحہ گوہر نے کہا کہ اُن کے تھیٹر کا مقصد معاشرے میں پائی جانے والی خامیوں کی نشاندہی کرنا ہے تاکہ ان خامیوں کو دور کرکے معاشرے میں بہتری لائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اجوکا تھیٹر نے صرف خواتین کے مسائل کو اُجاگر نہیں کیا بلکہ مردوں کے ساتھ ہونے والے نارواسلوک کے حوالے سے بہت سے سٹیج ڈرامے پیش کیے گئے ہیں۔

پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تعلقات کا زکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے فنکار اور عوام ایک دوسرے سے تعلقات رھنا چاہتے ہیں تاہم دونوں اطراف کچھ ایسے عناصر موجود ہیں جو چاہتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کشیدہ رہیں تاکہ خطے میں امن قائم نہ ہوسکے۔