’برٹنی سے تین سال دور رہیں‘

برٹنی
،تصویر کا کیپشنجنوری میں برٹنی کے والد اور ان کی قانونی ٹیم نے مینیجر اور وکیل سے تحفظ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا تھا
وقت اشاعت

امریکہ کی ایک عدالت کے جج نے پاپ گلوکارہ برٹنی سپیئرز کے سابق مینیجر سیم لطفی کو حکم دیا ہے کہ وہ تین سال تک امریکی گلوکارہ سے دور رہیں۔

عدالتی حکم میں مینیجر کے وکیل سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ گلوکارہ سپیئرز سے نہ رابطہ کریں، نہ دھمکائیں اور نہ ہی ان کے بیٹے سے تعلق رکھیں۔

لاس اینجلس کی اعلٰی عدالت کے فیصلے کا اطلاق برٹنی سپیئرز کے والد جیمز سٹیوارٹ پر نہیں ہو گا جو ستائیس سالہ برٹنی سپیئرز کے معاملات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

برٹنی کے مینجر سیم لطفی اور وکیل کا کہنا ہے کہ وہ عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔

عدالت نے برٹنی کی جانب سے سیمیول انگھم کو ان کا وکیل مقرر کیا تھا۔ برٹنی کے وکیل کا کہنا ہے کہ عدالت کا فیصلہ برٹنی کے مفاد میں ہے۔

جنوری میں برٹنی کے والد نے گلوکارہ کے مینیجر اور ان کے وکیل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا تھا۔ ان کا مؤقف تھا کہ وہ دونوں اور برٹنی کے سابق بوائے فرینڈ عدنان غالب، برٹنی کے والد کے خلاف سازش کرتے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال عدالت نے عدنان غالب کو حکم دیا تھا کہ تین سال تک برٹنی سےدور رہیں۔

عدالتی کارروائی کے دوران برٹنی کی ہیئر ڈریسر نے عدالت کو بتایا کہ برٹنی نے انہیں بتایا کہ وہ اپنے مینیجر سے خوف زدہ ہیں۔

اس کیس کی سماعت کے دوران برٹنی عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔