میڈونا کے بچی گود لینے کی مخالفت

میڈونا
،تصویر کا کیپشنمیڈونا اس سے قبل بھی ایک ملاوی بچے ڈیوڈ کو گود لے چکی ہیں
وقت اشاعت

پاپ گلوکارہ میڈونا جس ملاوی بچی کو گود لینا چاہتی ہیں، اس بچی کے باپ نے میڈونا کی اس خواہش کی مخالفت کی ہے۔

بچی کے باپ جیمز کمبیوا نے ایک امریکی چینل کو بتایا ہے کہ وہ اپنی چار سالہ بیٹی چیفنڈو کی دیکھ بھال کرنے کے قابل ہیں، تاہم جیمز کمبیوا نےابھی تک اپنی بیٹی کو نہیں دیکھا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کی بیٹی کی پرورش ملاوی طریقہ کار سے ہو۔

گزشتہ ماہ ایک عدالت نے میڈونا کے اس بچی کو گود لینے کی درخواست کو مسترد کردیا تھا۔ میڈونا نے اس فیصلے کے خلف اپیل کی ہے جس کی سماعت پیر کو ہوگی۔

میڈونا اس سے قبل بھی ایک ملاوی بچے ڈیوڈ کو گود لے چکی ہیں۔

جیمز کمبیوا نے امریکی چینل کو دیے گئے انٹرویوں میں کہا کہ اگرچہ اب تک انہوں نے اپنی بیٹی کو نہیں دیکھا ہے تاہم وہ ہر وقت ایک ایسا ہار گلے میں پہن کر رکھتے ہیں جس پر ان کی بیٹی کا نام کندہ ہے۔

’میں اس کی پرورش کی ذمہ داری خود اٹھانا چاہتا ہوں اور میں ایسا کرنے کے قابل ہوں۔ چیفنڈو ایک ملاوی بچی ہے اور میں اس کی پرورش ملاوی تہذیب کے مطابق کرنا چاہتا ہوں‘۔