ٹوائلائٹ بمقابلہ سلم ڈاگ

نوجوانوں میں مقبول خونخوار ہیرو کے بارے میں مقبول فلم ’ٹوائلائٹ‘ کو اس سال کے ایم ٹی وی ایوارڈز میں سب سے زیادہ اعزازات کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
امریکی مصنفہ سٹیفانی مائر کی کتاب پر مبنی یہ فلم محبت کی کہانی ہے جس میں ہیروئن انسان جبکہ ہیرو خونخوار ہوتا ہے۔ ٹوائلائٹ کو بہترین فلم کے لیے نامزد کیا گیا ہے اور فلم کے ہیرو کا کردار ادا کرنے والے رابرٹ پیٹِنسن کو بہترین نئے اداکار کے لیے۔ کرسٹِن سٹیورٹ کو بھی اس فلم میں کارکردگی کی بنا پر بہترین اداکارہ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
سلم ڈاگ ملینیئر کوبہترین فلم، بہترین نئے اداکار، بہترین اداکارہ، بہترین بوسہ، اور بہترین گانے(’جئے ہو‘) کے اعزازات کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ اس فلم کے ایک سِین کو سال کے سب سے حیران کُن منظر کے اعزاز کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے۔ یہ وہ سِین ہے جس میں چھوٹا بچہ جمال لٹرین میں بند ہو جانے کے بعد اس سے نکل کر امیتابھ کے پاس بھاگ کر ان کا آٹوگراف لینے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔
بہرتین فلم کے اعزاز یا ’گولڈن پاپ کورن‘ ایوارڈ کے لیے ’ٹوائلائٹ‘ اور ’سلم ڈاگ ملیئنیر‘ کے علاوہ، ہائی سکول میوزیکل 3‘ بیٹمین کی فلم ’دا ڈارک نائٹ‘ اور آئرن مین‘ نامزد ہیں۔
بہرین اداکارہ کے لیے ’ٹوائلائٹ‘ کی کرسٹن سٹیوورٹ کے علاوہ کیٹ وِنسلیٹ کو فلم ’دا رِیڈر‘ ، ایجلینا جولی کو فلم ’وانٹِڈ‘ ، این ہیتھاوے کو فلم ’برائڈ وارز‘ اور تاراجی پی ہینسن کو فلم ’دا کیوریئاس کیس آف بینجامین بٹن‘ میں ان کے رول کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
بہرتین اداکار کے ایوارڈ کے لیے کِرسچن بیل (دا ڈارک نائٹ)، رابرٹ ڈاؤنی جونیئر (آیئرن مین)، شئیا لا بوف (ایگل آئے) وِن ڈیزل (فاسٹ اینڈ فیوریئس) اور زیک ایفران (ہائی سکول میوزیکل) نامزد ہیں۔
فلم ’دا ڈارک نائٹ‘ میں اپنا آخری رول کرنے والے اداکار مرحوم ہیتھ لیجر کو بہترین وِلین کے ایوارڈ کے لیےنامزد کیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سال ایم ٹی وی ایوارڈز میں پہلی مرتبہ یہ ہو رہا ہے کہ فلم شائقین نہ صرف نامزدگیاں خود کر رہے ہیں بلکہ ایواڑڈ کا فیصلہ بھی ان ہی کے ووٹوں پر ہوگا۔
ایم ٹی وی کی ویب سائٹ پر ستائیس مئی تک ووٹنگ کھلی رہے گی اور اکتیس مئی کو ایم ٹی وی ایوارڈز کی تقریب امریکہ کے گبسن تھیئٹر سے براہ راست نشر کی جائے گی۔






















