روبینہ، اظہر کا ٹیلنٹ،ابھیشیک کی خوشی

- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
- وقت اشاعت
پاپ گلوکاری کے شہنشاہ مائیکل جیکسن کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ممبئی میں ایک بہت بڑا کنسرٹ کیا جائےگا جس کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں۔ یہ شو کوریوگرافر ریمو ڈیسوزا کریں گے۔ ریمو کہتے ہیں کہ وہ بچپن سے ہی مائیکل جیکسن کو اپنا استاد مانتے تھے۔ ان کے مطابق حالانکہ مائیکل نے انہیں رقص کےگر نہیں سکھائے لیکن انہوں نے مائیکل کے البم دیکھ دیکھ کر سٹیپ سیکھے اس لیے وہ ان کے گرو ہیں اور استاد کا حق ادا کرنا ان کا فرض ہے اس طرح یہ کنسرٹ کر کے وہ انہیں یاد کرنا چاہتے ہیں۔
ابھی پوری طرح طے نہیں ہے لیکن توقع کی جا رہی ہے کہ یہ کنسرٹ گیٹ وے آف انڈیا پر کیا جائے۔ ڈیسوزا کے مطابق میوزک انڈسٹری اور بالی وڈ کی تمام بڑی ہستیوں کے ساتھ گلوکار سونو نگم ، سنیدھی چوہان اور شان جیسے گلوکار اس شو میں مائیکل جیکسن کےگیتوں کو اسی انداز میں پیش کرنے کی ایک چھوٹی سی کوشش کریں گے۔
برداشت نہیں کر سکتا
پرکشش ہیروئین قطرینہ کیف کی فلموں کا سب سے بڑا پرستار کون ہو گا؟ آپ کہیں گے یہ کیسا سوال ہے ارے بھئی ان کے دوست سلمان خان کیونکہ وہی تو انہیں فلمیں کرنے اور نہ کرنے جیسے مشورے دیتے ہیں یا پھر یہ جواز کہ وہی تو ان کے سب سے قریبی ہیں تو پہلے وہی فلم کا خصوصی شو دیکھ کر اپنی رائے دیتے ہوں گے! بات تو ٹھیک ہے لیکن افسوس تو اس بات کا ہے کہ سلمان خان کیٹ بے بی کی کوئی بھی فلم دیکھتے ہی نہیں ہیں۔ قطرینہ نے کتنی مرتبہ سلو سے گزارش بھی کی لیکن انہوں نے ایک نہیں سنی۔ وجہ ؟ آپ بتائیے۔۔۔ چلیے ہم بتاتے ہیں وہ اس لیے کہ سلو یہ برداشت ہی نہیں کرسکتے کہ وہ اپنی محبوبہ کو پردے پر ہی سہی لیکن کسی اور کی بانہوں میں دیکھیں۔۔۔۔۔

نہلے پہ دہلا
یہ فلم انڈسٹری ہے اور یہاں کوئی کسی کا اُدھار نہیں رکھتا آپ نے کسی کے خلاف کچھ کیا نہیں کہ فورا اس کا بدلہ آپ کے سامنے کوئی معاف کرنے والا نہیں ہے۔۔۔اتنی لمبی تمہید کے بعد یہ راز کھول ہی دیتے ہیں کہ سیف علی خان کواپنی پہلی ہوم پروڈکشن فلم ’لو آج کل‘میں ان کی ہیروئن دیپکا پادوکون کے ساتھ فلم کی تشہیر کے لیے سلمان خان کے شو دس کا دم میں آنا تھا لیکن سیف بابا نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ وہ تو ملک سے باہر ہیں جبکہ وہ دہلی میں کرینہ بے بی کے ساتھ پروگرام کر رہے تھے۔ دیپکا نے اپنی جانب سے اپنے دوستوں کے لیے فلم کی خصوصی سکریننگ کے سلسلے میں سب کو مدعو کیا اورسیف کو بھی لیکن فہرست سے کرینہ کا نام غائب ہے۔ اب پوچھیں گے یہ کیا بات ہوئی کرینہ نے نہیں سیف نے پروگرام میں آنے سے انکار کیا تھا تو پھر۔۔۔۔۔ بھئی یہ تو دیپکا بھی جانتی ہے کہ یہ فیصلہ کرنے پر آخر کرینہ بے بی نے ہی تو مجبور کیا ہو گا۔۔۔۔۔۔۔
کنگنا کا تھرلر
کنگنا رناوت نے آخر کار ایک لمبی چھلانگ لگا ہی دی۔ چھوٹے اداکاروں کے ساتھ بطور ہیروئین کام کرنے کے بعد اب وہ بگ بی یعنی امیتابھ بچن کے ساتھ فلم ’تھرلر‘میں کام کرنے والی ہیں۔ اس فلم میں وہ ایک صحافی کا کردار نبھائیں گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تشار کا ڈبل رول
تشار اور فلم میں ڈبل رول ! چونکانے والی بات ہے۔ارے بھئی بطور سنگل ہیرو ان کی کوئی فلم آج تک کامیاب نہیں ہو سکی تو پھر ڈبل رول۔ پتہ کیا تو معلوم ہوا کہ یہ ایک کامیڈی فلم ہے۔۔۔۔ تب یاد آیا کہ فلم گول مال اور اسی فلم کے سیکوئل میں تشار کےگونگے پن کی اداکاری کو لوگوں نے بہت سراہا تھا تب سے ہر فلساز چاہتا ہے کہ انہیں اپنی فلم میں گونگے کا ہی رول دیا جائے۔۔۔ ارے تو کیا اس فلم میں دو دو گونگے ہیرو ہوں گے۔۔۔۔۔۔۔

ابھیشیک کا اگنی پتھ
اب آئندہ کا سفر ابھیشیک کے لیے اگنی پتھ ہوگا کیونکہ وہ اپنے پاپا امیتابھ بچن کی قومی ایوارڈ یافتہ فلم ’اگنی پتھ‘ کے ری میک میں ان کا کردار نبھانے والے ہیں۔ کرن جوہر نے اپنے والد یش جوہر کی بنائی فلم اگنی پتھ کو بنانے کا فیصلہ کیا اور اس کے لیے پہلے رتیک روشن کو لینے کا من بنا لیا تھا لیکن رتیک بہت مصروف تھے اس لیے اب ابھیشیک کو سائن کیا گیا۔ ابھیشیک اس سے بہت خوش ہیں کیونکہ یہ ان کے لیے ان کے والد کی بہترین فلموں میں سے ایک تھی اور اس کردار کو قومی ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔
اکشے کی توبہ ٹوٹی
اکشے نے آخر اپنی توبہ توڑ ہی دی۔ ہم آپ کو بتادیں کہ اکشے کمار اپنی فلموں کی نمائش کے وقت کبھی شہر میں نہیں ہوتے تھے۔ جب ان کی کوئی فلم ریلیز ہونے والی ہوتی تھی تو ملک چھوڑ کر باہر چلے جاتے تھے۔ اب اسے آپ ان کی توہم پرستی سمجھ لیجئے یا کچھ اور لیکن اپنی آنے والی فلم ’ کم بخت عشق‘ سے انہوں نے اپنا فیصلہ بدل دیا ہے اور وہ اپنے بیٹے آرو اور بیوی ٹوئنکل کھنہ کے ساتھ چھٹیاں جلد ختم کر کے ممبئی پہنچنے والے ہیں۔
کم بخت کِس
بالی وڈ میں ایک اور عمران ہاشمی پیدا ہوگئے۔ اور وہ ہیں اکشے کمار۔۔۔ جی ہاں اکشے نے فلم کمبخت عشق میں کرینہ کے ایک دو نہیں دس بوسے لیے ہیں۔۔۔ اکشے ہمیں لگتا ہے کہ اب آپ کا نام بدل کر آپ کو کھلاڑی اکشے کے بجائے کسنگ کھلاڑی کہہ سکتے ہیں۔
روبینہ اظہر کا سکول
سلم ڈاگ ملینئیر کے چائلڈ اداکار روبینہ اور اظہر اب فلم بنانے کی تیکنیک سیکھ رہے ہیں اور وہ بھی کوئی اور نہیں فلم ’تارے زمین پر‘کے کہانی کار امول گپتے سے۔گپتے روبینہ اور اظہر کے سکول میں ایسے غریب بچوں کو فلم بنانے کی تربیت دے رہے ہیں جن کے بارے میں گپتے کا ماننا ہے کہ وہ غریب ہیں لیکن ان کے پاس خداداد صلاحیت موجود ہے۔
مہیش پر دستاویزی فلم
فلمساز ہدایت کار سکرپٹ رائٹر۔۔۔۔ وغیرہ وغیرہ۔۔ ہمہ جہت شخصیت کے حامل فنکار مہیش بھٹ کی زندگی پر ان کی اپنی ہدایت کار بیٹی پوجا بھٹ دستاویزی فلم بنانے کی تیاری کر رہی ہیں۔ اب کوئی پوجا سے پوچھے کہ بھٹ صاحب کی زندگی ویسے بھی ایک کھلی کتاب کی ہی طرح رہی ہے تو پھر ایسی کوئی نئی بات کیا ہو گی اس فلم میں ؟ ہو بھی سکتی ہے کیونکہ ایک بیٹی سے بڑھ کر اپنے باپ کو اور کون جان سکتا ہے؟۔۔۔۔۔

دلیپ کمار ہسپتال میں
شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کی صحت ٹھیک نہیں ہے انہیں تیز بخار کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انہیں ملیریا ہوگیا ہے۔ دلیپ کمار کی بیگم سائرہ بانو کا کہنا ہے کہ صاحب بہت جلد ٹھیک ہو جائیں گے۔ ہم سب دلیپ صاحب کی صحت کے لیے دعاگو ہیں۔
پرینکا کے پانچ کروڑ
پرینکا چوپڑہ آج کل بلندیوں پر ہیں کامیاب فلمیں، بہت سے اشتہارات، ایوارڈز کی قطار ۔۔۔۔۔ اب کون کافر ہوگا جو نشے میں چور نہ ہو جائے۔۔۔۔ یہی حال شاید پرینکا بے بی کا ہوا۔۔۔ سنا جا رہا ہے کہ انہیں عمران خان کے مقابل ایک فلم کرنے کی پیشکش ہوئی جسے قطرینہ نے ٹھکرا دیا۔۔۔۔ پرینکا نے اس فلم کے لیے فلمساز سے ایک دو نہیں پورے پانچ کروڑ روپیوں کا مطالبہ کر دیا۔ فلمساز بے ہوش ہوتے ہوتے بچے۔۔۔۔ ایسے وقت میں جب فلم انڈسٹری میں سبھی نے کٹوتی کا راستہ اپنایا ہے اور بڑے ستاروں نے اپنے دام کم کر دیے ہیں ایسے میں ایک ہیروئین کے ذریعہ پانچ کروڑ روپیوں کا مطالبہ۔۔۔۔۔ اب فلمساز نے دوسری ہیروئنوں کو لینے کے بارے میں غور کرنا شروع کر دیا ہے۔۔۔۔۔






















