’سوٹیبل بوائے‘ کے بعد ’سوٹیبل گرل‘

ناول نگار وکرم سیٹھ اپنی مشہور کتاب ’اے سوٹیبل بوائے‘ کے تسلسل میں ایک نیا ناول لکھ رہے ہیں۔
’اے سویٹیبل بوائے‘ انیس سو ترانوے میں چھپی تھی اور مہینوں تک یہ سب سے زیادہ بِکنے والی کتابوں میں سرِ فہرست رہی۔ تیرہ سو پچاس صفحات پر مشتمل یہ ناول لتہ نامی ایک لڑکی کی کہانی ہے جس کی والدہ اس کے لیے ایک اچھے رشتے کی تلاش میں ہیں اور ایک مناسب قسم کا لڑکا یعنی ’سوٹیبل بوائے‘ ڈھونڈ رہی ہیں۔
وکرم سیٹھ کا کہنا ہے کہ ان کے نئے ناول کا نام ’اے سوٹیبل گرل‘ ہوگا اور اس میں لتہ ایک بزرگ خاتون ہوں گی جو اپنے پوتے کے لیے لڑکی ڈھونڈ رہی ہیں۔ ’اے سوٹیبل بوائے‘ کی کہانی انیس سو بانوے میں ختم ہوئی تھی لیکن نئی کتاب کے کہانی دور حاضر میں طے پاتی ہے۔
وکرم سیٹھ کے مطابق کہانی کو پچاس سال بعد کی مدت میں لانے سے ان کو اس کے ذریعے ’پوسٹ کولونئیل‘ یعنی برطانوی راج کے خاتمے اور آزادی کے بعد کے دور کا جائزہ لینے کا موقع ملے گا۔
ناول نگار کو ’اے سوٹیبل بوائے‘ لکھنے میں آٹھ برس لگے تھے تاہم اس نئی کتاب کی اشاعت چار سال بعد یعنی سنہ دو ہزار تیرہ میں متوقع ہے۔
اطلاعات کے مطابق وکرم سیٹھ کو نئی کتاب کے لیے لاکھوں ڈاکر کی ایڈوانس رقم ملی ہے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ یہ محض پیسوں کے لیے نہیں کر رہے۔ ’پیسے مقصد نہیں ہے۔ میں اچھے ایڈوانس لینے کی کوشش ضرور کرتا ہوں کیونکہ یہ میری روزی ہے اور میرے کوئی سرپرست نہیں ہیں۔ میں اپنا زیادہ وقت شاعری لکھنے میں لگاتا ہوں اور شاعری میں تو آمدنی ہے ہی نہیں۔‘


















