ڈین براؤن کا نیا ناول ستمبر میں

ڈا ونچی کوڈ کے مصنف ڈین براؤن کے نئے ناول دی لوسٹ سمبل کے پبلشرز نے اعلان کیا ہے کہ اس ناول کی تشہیر معمے کی صورت میں کی جائے گی۔
ڈین براؤن کی کتاب ستمبر میں دستیاب ہوگی اور اس میں پروفیسر رابرٹ لینگڈن کا کردار پھر منظرِ عام پر آئے گا۔
پبلشر ڈبل ڈے کا کہنا ہے کہ وہ اس ناول کی تشہیر کے لیے فیس بُک جیسی سماجی ویب سائٹس کا استعمال کریں گے جہاں وہ کوڈ اور معمے جاری کریں گے۔
اس ناول کے سر ورق میں واشنگٹن ڈی سی کے افق پر ایک چابی اور نشان کو دکھایا گیا ہے۔
اس ناول کی کہانی کو بہت خفیہ رکھا جا رہا ہے لیکن کہا جا رہا ہے کہ اس کتاب کا مرکزی خیال فری میسنز ہو گا اور تصویری معمہ قدیم کتاب’دی کی آف سولومن‘ کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
پبلشرز کا کہنا ہے کہ پندرہ ستمبر کو منظر عام پر آنے والی کتاب کی چھ ملین کاپیاں چھاپی گئی ہیں۔
ڈین براؤن نے کچھ عرصہ قبل بی بی سی کو بتایا تھا کہ نیا ناول لکھنا ان کے لیے ایک ’عجیب اور شاندار تجربہ‘ ہے۔ ان کو دی ڈا ونچی کوڈ کا حصہ دوئم لکھنے میں چھ برس لگے تھے اور اس کی اسی ملین کاپیاں فروخت ہوئی تھیں۔
ڈین براؤن کی پہلی کتاب اینجلز اینڈ ڈیمنز پر بننے والی فلم جس میں اداکار ٹام ہینکس تھے امریکی اور برطانوی باکس آفسز میں اول نمبر پر رہی اور دنیا بھر میں پانچ سو ملین ڈالر کمائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی






















