بروس لی پر تین نئی فلموں کی اجازت

بروس لی
،تصویر کا کیپشنپہلی فلم میں لی کی نوجوانی کو موضوع بنایا جائے گا۔
وقت اشاعت

مارشل آرٹ کے مشہورِ زمانہ اداکار بروس لی کی بڑی بہن اور چھوٹے بھائی نے ان کی زندگی کے بارے میں تین فلمیں بنانے کی اجازت دے دی ہے۔

پھوبی لی اور رابرٹ لی کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے بھائی کی زندگی کے حالات درست درست پیش کیے جائیں۔

بروس لی کی بہن اور بھائی بیجنگ میں ان کی چھتیسویں برسی پر ہونے والی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

'انٹر دی ڈریگن' اور 'فسٹ آف فیوری' جیسی فلمیں دینے والے اداکار بروس لی کا انتقال دماغ کی سوجن کے باعث صرف بتیس سال کی عمر میں ہو گیا تھا۔

مجوزہ فلموں کے پروڈیوسر مینفرڈ وونگ کا کہنا ہے کہ ابھی کم از کم تین فلموں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جن میں پہلی فلم میں لی کی نوجوانی کو موضوع بنایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ تین فلموں پر مبنی اس سلسلے میں بروس لی کی شخصیت پر توجہ دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ان فلموں میں کنگ فو بھی ہو گا لیکن زیادہ اہمیت اصل بروس لی سامنے لانے پر دی جائے گی۔ اصل بروس لی کیسا تھا؟ وہ انتہایی پُر مزاح نوجوان تھا۔ وہ اپنے والدین کا انتہائی فرما بردار تھا اور اپنے خاندان کے لیے انتہائی اچھا تھا'۔

رابرٹ لی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں ان کے بھائی کی زندگی کے بارے ان باتوں کو پیش کیا جائے جو انتہائی مستند ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے بروس لی بارے میں بہت سی فلمیں دیکھی اور کتابیں پڑھی ہیں اور ان کا خیال ہے کہ ان میں بہت سی باتیں حقائق کے برخلاف ہیں۔

پھوبی لی نے اس میں اضافہ کرتے ہوئے کہا کہ 'میں اب ستر کی ہو رہی ہوں اور چاہتی ہوں کے اپنے چھوٹے بھائی کے بارے میں کچھ کروں۔ میں چاہتی ہوں کہ بروس کی حقیقی زندگی سامنے آئے'۔

دریں اثنا ہانگ کانگ کے حکام نے بروس لی کے سابق گھر کو میوزیم بنانے کا اعلان کیا ہے اور اس کے لیے انہوں ڈیزائنرز کو اپنے اپنے ڈیزائن بھیجنے کی دعوت دی ہے۔

اس گھر کے موجودہ مالک یو پینگ لِن کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں اس میوزیم میں بروس لی کا ایک یادگاری ہال ہونا چاہیے، ایک لائبریری ہونی چاہیے، ایک کنگ فو سٹوڈیو اور ایک فلمیں محفوظ رکھنے کے ایک لائبریری ہونی چاہیے۔

مقابلے میں آنے والے ڈیزائینوں میں سے مناسب یا بہتر ڈیزائین کا انتحاب نومبر یا دسمبر میں ایک پینل کرے گا جس میں دوسرے لوگوں کے علاوہ بروس لی کی بیٹی شنانون لی بھی شامل ہیں۔