گلوکارہ گنگوبائی ہنگل انتقال کر گئيں

ہندوستانی کلاسکی موسیقی کی مشہور گلوکارہ گنگوبائی ہنگل منگل کو انتقال کر گئیں۔ ان کی عمر 97 برس کی تھی۔
گنگوبائی کو دو روز قبل سینے میں درد کی شکایت کے بعد کرناٹک کے ہبلی شہر کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ پیر کی رات ان کی حالت زیادہ خراب ہو گئی تھی۔
ڈاکٹروں کے مطابق انہيں سانس لینے میں تکلیف ہو رہی تھی۔ گنگوبائی دل کی مریض بھی تھیں۔
ان کی موت کو ہندوستان کی موسیقی اور گائیکی کے لیے غیر معمولی نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے پچاس برس سے زيادہ وقفے تک موسیقی کی خدمت کی اور اس دوران انہوں نے ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کو ایک نئی اونچائی تک پہنچایا۔
گنگو بائی کا جنم 1913 میں ریاست کرناٹک کے ایک گاؤں ہنگل میں ہوا تھا۔ انہوں نے موسیقی کی ابتدائی تعلیم اپنی والدہ سے حاصل کی۔ بعد میں انہوں نے ’کرانا گھرانے‘ کے گرو سوائی گاندھرو سے موسیقی کی مزید تعلیم حاصل کی۔
ممبئی کی مقامی تقاریب اور گنیش اتسو کے موقع پر پرفارمنس دے کر گانگوبائی نے اپنے موسیقی کے کیرئیر کی شروعات کی۔
موسیقی کے ناقدین ان کی آواز کو بےحد سریلا اور دل کو چھو جانے والی مانتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کلاسیکی موسیقی کے لیے کی گئی خدمات کے لیے انہيں کئی اعزازات دیے گئے جن میں پدم بھوشن، تانسین اعزاز اور سنگیت ناٹک اعزاز اہم ہیں۔






















