آٹھ ہم عمر بچوں کی زندگی

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک ماں جس نے اس سال ایک ساتھ آٹھ بچوں کو جنم دیا اپنے کل چودہ بچوں کی زندگی کی جھلکیاں ٹی وی پر دکھانے کے حقوق ڈھائی لاکھ ڈالر میں فروخت کیے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق نادیہ سلیمان نے جنہیں ذرائع ابلاغ میں آٹھ بچوں کی پیدائش کے بعد سے ’آکٹو مم‘ بھی کہا جاتا ہے بچوں کی زندگی ٹی وی پر دکھانے کا معاہدہ یورپی ٹی وی کمپنی ’آئی ورکس‘ کے ساتھ کیا ہے۔ معاہدہ کے مطابق بچوں کو پیسہ تین سال کے عرصے میں ملے گا۔
معاہدے پر عمل درآمد کے لیے مقامی جج سے اس کی منظوری لازمی ہے اور اس کے بعد یکم ستمبر سے ریکارڈنگ شروع ہو جائے گی۔
نادیہ کے وکیل نے ذرائع ابلاغ کو معاہدے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ٹی وی کمپنی کا عملہ نادیہ اور ان کے بچوں کی چوبیس گھنٹے فلم نہیں بنے گی بلکہ یہ زندگی کے اہم سنگ میل مثلاً سالگرہ وغیرہ تک محدود ہے۔
عدالت میں دائر کی گئی دستاویزات کے مطابق بچوں کو جن میں سب سے بڑا آٹھ سال کا ہے پہلے سال چھتیس دنوں کی فلم کے ایک لاکھ پچیس ہزار پاؤنڈ ملیں گے، دوسرے سال اکیس روز کے پچھتر ہزار اور تیسرے روز کے پچاس ہزار ڈالر ملیں گے۔
کیلیفورنیا کے قانون کے مطابق معاہدے کی رقم کا پندرہ فیصد ایک خصوصی فنڈ میں رکھ دیا جائے گا جو بچوں کو اٹھارہ سال کی عمر تک پہنچنے کے بعد ملے گا۔
نادیہ کو اس سال جنوری میں چھ لڑکوں اور دو لڑکیوں کو جنم دینے کے بعد شہرت ملی تھی۔ نادیہ کو اس بات پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے کہ بیروزگار ہوتے ہوئے انہوں نے مصنوعی طریقے(وٹرو فرٹیلائزیشن) سے حاملہ ہونے کا فیصلہ کیا۔


















