بالی وڈ ڈائری

    • مصنف, ریحانہ بستی والا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
  • وقت اشاعت

سلمان کی خواہش

سلمان خان
،تصویر کا کیپشنسلمان چاہتے ہیں کہ شادی کے بعد بیوی کام کرنا بند کر دے

سلمان خان اپنی بیوی سے کیا توقعات رکھتے ہیں اسے سن کر آپ کو بہت حیرت ہو گی۔ بات درست ہے وہ اس لیے کہ یہ راز کسی اور نے نہیں ان کے اپنے والد سلیم خان نے افشا کیا ہے۔ راز جاننے کی جلدی ہے۔۔۔۔۔۔ چلئیے سسپنس ختم کر تے ہیں۔۔۔۔۔ سلیم خان کہتے ہیں کہ سلمان چاہتا ہے کہ اس کی بیوی شادی کے بعد کام کاج چھوڑ دے اور روز شام کو سات بجے تک گھر پہنچ جائے جیسے کہ اس کی والدہ سلمی کرتی ہیں۔۔۔۔۔! حیرت ہوئی نا ! ہمیں بھی سن کر حیرت ہوئی۔۔۔۔ اب ہمیں یقین ہو گیا کہ ارباز یا سہیل نہیں بلکہ سلو کا دل اور جذبات مکمل طور پر ' خان ' ہیں۔ ویسے اگر آپ سلو کے بہت سے راز جاننا چاہتے ہیں تو بس فرح خان کے شو کا انتظار کیجئے جس میں ان کے والد سلیم اور والدہ نے سلو کی زندگی کے کئی راز پر سے پردہ اٹھایا ہے۔

ہندی ہینگ اوور

فیروز نڈیاڈ والا کو ہالی وڈ فلم ہینگ اوور اتنی پسند آگئی کہ انہوں نے اسے ہندی میں بنانے کے حقوق بھی خرید لیے۔ اب بتائیے کہ اصل خبر کیا ہے یہ کہ وہ ہندی میں فلم بنا رہے ہیں یا یہ کہ انہوں نے اس فلم کے حقوق خریدے۔ ہمارے خیال سے خبر اہم یہ ہے کہ فیروز نےاس فلم کے حقوق خریدے۔ دراصل اب ہمارے بالی وڈ فلمساز ایماندار بنتے جا رہے ہیں اس لیے پیسہ خرچ کرنے کے ساتھ قبول کر رہے ہیں کہ ان کی فلم ہالی وڈ کی فلم سے متاثر ہو کر بنائی جا رہی ہے۔ خیر سنجیدہ باتیں الگ کیجئے ہلکی پھلکی دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم میں ہیرو کے کردار میں ابھیشیک اور ہیروئین ہوں گی قطرینہ کیف۔۔۔۔۔

شاہ رخ کا تحفہ

شاہر رخ خان
،تصویر کا کیپشنشاہ رخ خان کے پوری دنیا میں مداح ہیں

شاہ رخ خان کو ملیشیا کے لوگ دل و جان سے چاہتے ہیں اسی لیے تو انہیں وہاں کے وزیراعظم نے اپنی سالگرہ کے موقع پر انہیں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا۔ لوگوں نے خان سے ان کی فلم ' کچھ کچھ ہوتا ہے ' کے مکالمے بھی سنے یہ فلم آج بھی وہاں بے حد مقبول ہے۔ ویسے اگر ملیشیا نے خان کو پیار اور وہاں کا اعزاز دیا تو خان نے بھی پیار کے روپ میں نیشنل اتھلیٹ ویلفیئر فاؤنڈیشن آف ملیشیا کو فنڈ بطور تحفہ دیا۔

بہت سمارٹ

پاکستانی اداکار ہمایوں سعید کو شاید پہلی مرتبہ اپنے سمارٹ ہونے پر فخر نہیں بلکہ غصہ آیا ہو گا؟ قصہ کچھ یوں ہے کہ عامر خان نے ہمایوں کی فلم ' انتہا ' دیکھی تھی اور اس میں ان کے ویلن کے رول سے وہ بہت متاثر ہوئے تھے۔ اس لیے عامر چاہتے تھے کہ ہمایوں ان کی فلم ' گھجنی ' میں ویلن کا رول کریں لیکن خبریں یہ ہیں کہ جب ہمایوں عامر سے ملنے پہنچے تو عامر نے انہیں دیکھتے ہی کہہ دیا ' ارے آپ تو گھجنی بننے کے لیے بہت ہی سمارٹ ہو۔'

جیسا باپ ویسا بیٹا

اے آر رحمن
،تصویر کا کیپشنرحمن کا بیٹا بھی باپ کے نقش قدم پرموسیقی کی دنیا میں نام کرنے کا شوقین ہے

یہ سب جانتے ہیں کہ اے آر رحمن کے پاس خدادا صلاحیتیں ہیں شاید اسی لیے وہ موسیقی کی دنیا میں اتنے مشہور ہوئے لیکن کسے پتہ تھا کہ ان کے بیٹے میں بھی یہ خصوصیتیں ہوں گی۔ رحمن کے چھ سالہ بیٹے علیم نے ہالی وڈ فلم ' کپلس ری ٹریٹ ' میں ایک گیت گایا ہے۔ رومانوی کامیڈی فلم کا میوزک رحمن نے دیا ہے لیکن علیم نے یہ ثابت کر دیا کہ ہونہار بروا کے چکنے چکنے پات ۔۔۔۔

رتیک کا پیار

رتیک روشن کو آج کل اپنی بیوی سوزین کو بتانا پڑتا ہے کہ وہ ان سے کتنا پیار کرتے ہیں۔ رتیک اور باربرا موری کے درمیان معاشقہ کی خبروں میں کتنی سچائی ہے یہ ہمیں نہیں پتہ لیکن ہاں اس سے رتیک کی ازدواجی زندگی میں ہلچل ضرور مچی تھی اور اب جبکہ سوزین اپنے دونوں بچوں کے ساتھ لندن میں چھٹیاں منا رہی ہیں رتیک نے اپنے سیدھے ہاتھ پر سوزین کے نام کا ٹیٹو بنایا ہے اور وہ اسے دکھانے لندن جا رہے ہیں۔ رتیک پیار جتانے کی بڑی پرزور کوشش ہے کرتے رہیئے اسی میں شاید آپ کی بہتری ہو۔۔۔۔۔

بھٹ کی کوشش

ایسے میں جبکہ راج کمار سنتوشی اپنی فلم ' جس لاہور نہیں دیکھیا او جنمیا نہیں ' کی شوٹنگ لاہور کے بجائے ہندستان کے شہر حیدرآباد میں کر رہے ہیں، خبریں ہیں کہ مہیش بھٹ اپنی آئندہ فلم کی شوٹنگ پاکستان میں کرنے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ ویسے بھٹ صاحب نے ہمیشہ دونوں ممالک کی انڈسٹری کے درمیان تعلقات سنوارنے کی کوششیں کی ہیں، ہماری دعا ہے کہ اس مرتبہ بھی ان کی یہ کوشش کامیاب ہو۔۔۔۔۔۔

شلپا کا ' سپا'

شلپا شیٹی
،تصویر کا کیپشنشلپا نے ایک نیا بزنس شروع کیا ہے

شلپا شیٹی نے شہر میں ' سپا ' کھولا اور اس کا افتتاح خوبصورت بالی وڈ دیوا ریکھا کے ہاتھوں کروایا۔ ریکھا عمر کی پچاس سے زیادہ بہاریں دیکھ چکی ہیں اور آج بھی اتنی ہی خوبصورت اور چاق و چوبند ہیں۔ اب ہمیں لگتا ہے کہ شلپا کو اپنے سپا کے لیے کسی اور اشتہار کی ضرورت ہی نہیں رہی۔

کونکنا کی پریشانی

کونکنا سین شرما بالی وڈ کی ایسی اداکارہ ہیں جو سائز زیرو پر یقین نہیں رکھتی ہیں اور ' اچھی خاصی تندرست ' ہیں۔ اب ان کے لیے پریشانی یہ ہے کہ کرن جوہر کی فلم ' ویک اپ سد ' کے لیے انہوں نے فلمساز کے کہنے پر اپنا وزن گھٹایا۔ فلم مکمل بھی ہو گئی جیسے ہی فلم مکمل ہوئی کونکنا اپنے پہلے وزن پر آگئیں۔ اب مصیبت یہ ہے کہ کسی منظر کے لیے فلمساز کو لگا کہ ایک دن کی شوٹنگ ضروری ہے بس انہیں ایک بار پھر وزن کم کرنے کی سخت ہدایت دے دی گئی۔ بیچاری کونکنا ایک دن کی شوٹنگ کے لیے تین ماہ سے وزن کم کرنے میں لگی ہیں۔۔۔۔۔

ایک فلم چھ کلائمکس

رام گوپال ورما کو شاید ہمیشہ سے ہی یا تو تنازعات میں گھرے رہنے کی عادت ہے یا پھر کچھ منفرد کرنے کی۔ اسی لیے تو انہوں نے اپنی فلم ' اگیات ' کے لیے چھ کلائمکس فلمائے ہیں۔۔۔۔۔ اب ورما کشمکش میں ہیں کہ کس کلائمکس کو استعمال کریں۔۔۔ ورما کیا ہم آپ کو ایک منفرد مشورہ دے سکتے ہیں؟ آپ ایک کلائمکس استعمال کیجئے اگر فلم نہیں چلی تو دوسرا، نہیں تو تیسرا ۔۔۔۔۔ کیا حرج ہے ۔۔۔۔

لیلا نائیڈو نہیں رہیں

اٹھائیس جولائی کو خوبصورت اداکارہ لیلا نائیڈو ہمیں چھوڑ کر چلی گئیں۔ سن انیس سو ساٹھ میں ٹائم میگزین سے ' دنیا کی خوبصورت عورت اور سن چوون میں مس انڈیا کا خطاب حاصل کر چکی لیلا کی بلراج ساہنی کے ساتھ فلم ' انورادھا ' میں تنقید نگاروں نے ان کی بہت تعریف کی تھی۔ عام روش سے ہٹ کر بھی فلم ' یہ راستے ہیں پیار کے ' میں انہوں نے سنیل دت کے ساتھ کام کیا تھا اور اس فلم میں بھی ان کی اداکاری کے چرچے تھے۔