پاؤلہ عبدل امریکن آئیڈل سے علیحدہ

گائیکی کے ٹی وی ٹیلنٹ شو امریکن آئیڈل کی گزشتہ آٹھ سال سے جج پاؤلہ عبدل نے شو سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔
سینتالیس سالہ پاؤلہ عبدل نےسوشل نیٹ ورکنگ کی ویب سائٹ ٹوٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ وہ دلی افسوس کے ساتھ اعلان کرتی ہیں کہ اب وہ شو میں واپس نہیں جائیں گی۔ انہوں نے اس کے علاوہ شو سے علیحدہ ہونے کے بارے میں مزید کچھ نہیں بتایا ہے۔
جج کے طور پر شو سے علیحدگی کے اعلان کے بعد ان کے کنٹریکٹ کے بارے میں ہفتوں سے جاری افواہیں ختم ہو گئی ہیں۔
منگل کے روز اس بات کا اعلان کیا گیا تھا کہ گیت کار کارا ڈئیوگاردی آئندہ شو میں جج سائمن کاؤویل اور رینڈی جیکسن کا ساتھ دیں گے۔
پاؤلہ عبدل نے کہا ہے کہ وہ شو میں نئے ٹیلنٹ کو سیکھانے کی کمی محسوس کریں گی جبکہ شو کے پہلے دن سے وابستگی کی وجہ سے ان کی بین الاقوامی سطح پر شناحت بن چکی ہے۔
امریکی ٹی وی نیٹ ورک فوکس نے پاؤلہ کے شو سے علیحدگی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ آٹھ سال سے امریکن آئیڈل سے وابستگی کی وجہ سے وہ شو کا ایک اہم حصہ بن چکی ہیں۔
فوکس نیٹ ورک کے مطابق اگرچہ پاؤلہ عبدل امریکن آئیڈل کے ساتھ نہیں ہیں لیکن ان میں بے پناہ صلاحتیں ہیں اور نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں۔
یاد رہے کہ رواں سال مئی میں امریکن آئیڈل کے سیزن کے اختتام سے ہی یہ بات واضح نہیں تھی کہ پاؤلہ شو کے اگلے سیزن کا حصہ بنیں گی۔اس کے علاوہ ان کی شو سے علیحدگی کی افواہوں نے اس وقت جنم لیا جب شو کے پروڈیوسر نے جج کے لیے کسی اور کو سائن کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گزشتہ ماہ پاؤلہ عبدل نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ انہیں شو کے خاتمے تک اس کے ساتھ منسلک رہنے کی دعوت دی گئی تھی لیکن وہ اس کے لیے ایک نیا کنٹریکٹ چاہتی ہیں۔
واضح رہے کہ ریٹنگ میں تنزلی کے بعد بھی امریکن آئیڈل شو اس وقت بھی امریکہ کا سب سے مقبول شو ہے جس کے گزشتہ سیزن کو اوسطً دو کروڑ تریسٹھ لاکھ لوگوں نے دیکھا تھا۔






















