’ٹوائلائٹ‘ کے لیےگیارہ ایوارڈز

نوجوانوں میں خونخوار ہیرو کے بارے میں مقبول فلم ’ٹوائلائٹ‘ نےاس سال کے ٹین چوائس ایوارڈز میں گیارہ اعزازات حاصل کر لیے ہیں۔
امریکی مصنفہ سٹیفانی مائر کی کتاب پر مبنی یہ فلم محبت کی کہانی ہے جس میں ہیروئن انسان جبکہ ہیرو خونخوار ہوتا ہے۔ ٹوائلائٹ کو بہترین ڈرامہ، رومانس، ولن اور موسیقی کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔
فلم کے ہیرو کا کردار ادا کرنے والے رابرٹ پیٹِنسن اور کرسٹِن سٹیورٹ کو ڈرامہ کے شعبے میں بہترین کارکردگی پر ایوارڈ دیا گیا۔
یہ ایوارڈز گیارہ سال سے منعقد کیے جا رہے ہیں جس میں ٹی وی، فلم، موسیقی اور کھیل کے مایہ ناز افراد کو آن لائن ووٹنگ کے ذریعے پچاسی سے زیادہ ایوارڈز کے لیے چنا جاتا ہے۔
پاپ سٹار برٹنی سپیئر کو ’الٹی میٹ چوائس ایوارڈ‘ کے لیے چنا گیا اور انہیں ایک نیلے رنگ کی سرفنگ میں استعمال ہونے والے بورڈ شکل کی ٹرافی دی گئی۔
ایوارڈ حاصل کرنے والے دوسرے فنکاروں میں بیونسے اور امریکن آئیڈل کے فاتح ڈیوڈ آرچولیٹا شامل ہیں۔ جبکہ ڈیوڈ بیکھم کو دوسری مرتبہ بہترین مرد ایتھلیٹ اور شان جونسن کو بہرتین خاتون ایتھلیٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔


















