ووڈسٹاک کی چالیسویں سالگرہ

ہزارہا لوگ نیویارک میں اس مقام پر جمع ہو رہے جہاں چالیس سال قبل موسیقی کا مشہور پروگرام ’ووڈسٹاک‘ کے نام سے ہوا تھا۔
ان لوگوں کے جمع ہونے کا مقصد اس تاریخ ساز پروگرام کی یاد تازہ کرنا ہے اور اس نوع کے پروگرام نہ صرف امریکہ میں بلکہ اور ملکوں میں بھی ہو رہے ہیں۔
انیس سو ساٹھ میں ہونے والے ووڈسٹاک نامی اس پروگرام کو اس لیے تاریخی حیثیت حاصل ہوئے کہ اس سے رائج ثقافتی دھارے میں ہپی کلچر کے شامل ہونے کا راستہ بنا جو محض ایک کلچر نہیں زندگی گذارنے کا ایک طریقہ بھی تھا اور جس کی بدلی ہوئی شکلیں اب بھی موجود ہیں۔
اس فیسٹیول کا اصل پروگرام نیویارک میں بہتر گھنٹے تک رات دن مسلسل جاری رہا تھا اور اس میں لوک اور راک موسیقی کے بڑے گلوکار اور بینڈ شریک ہوئے تھے جن میں سے کچھ معروف نام جان بیز، جمی ہنڈریکس، دی ہو اور سانتانا تھے۔
کہا جاتا ہے کہ اس فیسٹیول میں ساڑھے چار لاکھ کے لگ بھگ لوگ شریک ہوئے تھے۔
اس وقت اس پروگرام کے ناقدین نے اسے شرمناک، نشہ بازوں کا اجتماع، گندگی کا ڈھیر جیسے نام بھی دیے تھے اور ان لوگوں کا کہنا تھا کہ راک اینڈ رول موسیقی کو فن میں کمتر درجے کی صنف تصور کیا جانا چاہیے۔


















