مائیکل جیکسن کی تدفین کی تیاریاں

مائکل جیکسن
،تصویر کا کیپشنمائکل جیکسن کی یاد میں ایک بڑی تقریب جولائی میں منعقد ہوئی تھی
وقت اشاعت

پاپ گلوکار مائیکل جیکسن کی جمعرات کو تدفین کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔

جیکسن کا چھبیس جون کو انتقال ہوا تھا اور پہلے ان کے خاندان نے طے کیا تھا کہ ان کی تدفین انتیس اگست کو کی جائےگی جو کہ مرحوم گلوکار کی سالگرہ کی تاریخ ہے۔ تاہم بعد میں بغیر کسی وضاحت کے تدفین کی تاریخ تین ستمبر مقرر کر دی گئی۔

جیکسن کی تدفین لاس اینجلس کے فارسٹ لان میموریئل پارک میں ہو رہی ہے۔ اس میں صرف خاندان والے اور قریبی دوست شریک ہونگے اور اس موقع پر سخت سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس نے جیکسن کے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قبرستان نہ آئیں۔ میڈیا کو بھی اس موقع پر نہیں بلایا گیا ہے۔

فارسٹ لان میموریئل پارک
،تصویر کا کیپشنجیکسن کو فارسٹ لان میموریئل پارک میں دفن کیا جا رہا ہے

لاس اینجلس کے جج مِچل بیکلاف نے جیکسن کی جائیداد کی نگرانی والی ان کی ’ایسٹیٹ‘ کو تدفین سے منسلک اخراجات ادا کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ ریاستی اہلکاروں کے مطابق تدفین پر بہت بڑی رقم خرچ ہو رہی ہے۔ وکیل جیرِل کوہین کا کہنا ہے ’یہ غیر معمولی رقم ہے لیکن مائیکل جیکسن بھی غیر معمولی تھا۔‘ ان کے مطابق خرچہ اتنا زیادہ اس لیے ہے کہ جیکسن کے لیے قبرستان کے بارہ پلاٹ خریدے گئے ہیں۔ یہ ابھی واضح نہیں کہ اس زمین کو کس طرح استعمال کیا جائے گا۔

پچھلے ہفتے لاس اینجلیس میں جیکسن کی موت کی تفتیش کرنے والے عدالتی افسر نے مائیکل جیکسن کی موت کو قتل قرار دیا تھا۔ توقع ہے کہ ان کے ڈاکٹر کے خلاف ان کو خطرناک ادویات کی زیادہ مقدار دینے کا مقدمہ درج کیا جا سکتا ہے۔