ممبئی حملے،’پاکستانی ایجنسیاں شامل‘

بھارت کے وزیرِ داخلہ پی چِدم برم نے کہا ہے ہندوستان کے پاس اس بات کے کافی شواہد ہیں کہ ممبئی حملوں میں پاکستان کی سرکاری ایجنسیاں ملوث تھیں۔
ایک نجی ٹیلی چینل کو دیئےگئے ایک انٹرویو میں مسٹر چِدمبرم نے پاکستان پر الزام لگایا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین سے شدت پسند ٹھکانوں کو ختم کرنے میں ناکام رہا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ جس طرح کے شواہد ہمارے پاس ہیں اس کی بنیاد پر میں یہ کہہ سکتا ہوں کے ممبئی حملوں کے پیچھے پاکستان کی سرکاری ایجنسیاں شامل تھیں۔
پی چدامبرم کا بیان بھارت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ کے اس بیان کے بعد آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ جس طرح سے ممبئی حملے انجام دیئے گئے تھے اس سے واضح ہے کہ اس کے پیچھے پاکستان کی بعض سرکاری ایجنسیاں ہیں۔
بھارت کا کہنا ہے کہ ممبئی حملوں کے لیے پاکستان کی شدت پسند تنظیم لشکر طیبہ ذمہ دار ہے اور اس کا مطالبہ ہے کہ اگر پاکستان شدت پسندی سے لڑنے کے لیے سنجیدہ ہے تو وہ اپنی سرزمین پر سرگرم شدت پسندوں کے کیمپوں کو ختم کرے۔
انٹریو کے دوران پی چدامبرم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نےجو شدت پسند کمیپ ختم کیے ہیں وہ چھوٹے علاقوں میں چھوٹے کیمپ تھے جو پھر سے زندہ کیے جاسکتے ہیں۔
گزشتہ برس 26 نومبر کو ممبئی میں شدت پسندوں نے حملے کیے تھے جس میں کم از کم 170 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ہندوستان کا کہنا ہے کہ ان حملوں کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ ہے۔ ہندوستان نے اپنے دعوے سے متعلق شواہد پاکستان کے حوالے کر دیئے ہیں اور پاکستان ان پرغور کر رہا ہے۔


















