برہموس کا ایک اور کامیاب تجربہ

ہندوستان نے سپرسانک برہموس میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ یہ برہموس کے دوسرے ورژن کا مجموعی طور پر تیسرا اور ماہِ رواں کے دوران کیا جانے والا دوسرا تجربہ تھا۔
یہ تجربہ اتوار کی صبح راجستھان کے صحرائی علاقے میں پوکھران کے تجرباتی مرکز پر کیا گیا۔ برہموس میزائل دفاعی تحقیق کے ادارے ڈی آر ڈی او نے روس کے اشتراک سے تیار کیا ہے۔
ڈی آر ڈی او کے اہلکاروں کے مطابق صبح گیارہ بجکر پندرہ منٹ پر میزائل داغا گیا جس نے ڈھائی منٹ کے بعد پوکھران رینج میں اپنے مقررہ ہدف کو نشانہ بنایا۔
اس تجربے کے بعد ڈی آر ڈی او کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ برہموس کے تجربات مکمل ہو گئے ہیں اور اب یہ فوج میں شامل کیے جانے کے لیے تیار ہے۔
اس سے قبل چار مارچ کو زمین سے زمین پر وار کرنے والی سپرسانک کروز میزائیل برہموس کے نئے ورژن کا کامیاب تجربہ کیا گیا تھا جبکہ جنوری میں کیا گیا تجربہ ناکام رہا تھا۔
دو سو نوے کلومیٹر دوری تک نشانہ بنانے والا برہموس میزائل بری فوج کے استعمال کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ زمین سے زمین پر مار کرنے کے لیے بنایا گیا ہے اور اس کی رفتار آواز کی رفتار سے بھی تیز ہے۔
برہموس میزائل کا نام ہندوستان کے دریا برہم پترا اور روس کی ندی ماسکوا کے نام پر رکھا گیا ہے۔


















