لالو کے خلاف ایف آئی آر

لالو پرساد
،تصویر کا کیپشنلالو پرساد یادو نے کہا ہے کہ ان کے بیان کا غلط مطلب لیا گیا ہے
وقت اشاعت

ہندوستان میں ریلوے کے وزير لالو پرساد یادو کے خلاف ورون گاندھی کے بارے میں اشتعال انگيز تقریر کرنے کے الزام میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

ریاست بہار کے کشن گنج ضلع کے ایک پولیس اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ لالو پرساد کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کرنے پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔

انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ اس کی اطلاع انتخابی کمیشن کو بھی دے دی گئی ہے۔

لالو پرساد یادو نے پیلی بھیت انتخابی حلقے سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار ورون گاندھی کے بارے ميں کہا تھا کہ اگر وہ وزیر داخلہ ہوتے تو ورون کی چھاتی پر رولر چلاوا دیتے چاہے نتیجہ جو بھی ہوتا۔

ورون گاندھی مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کرنے کے الزام میں اتر پردیش کی ایٹا جیل میں قید ہیں۔

بعد میں لالو پرساد یادو نے کہا کہ ان کے بیان کا غلط مطلب نکالا گیا ہے اور انہوں نے سیاسی رولر چلانے کی بات کی تھی۔

اس معاملے پر بہار کے وزير اعٰلی نتیش کمار نے کہا کہ ’اس قسم کی اشتعال انگیزی سماجی اور فرقہ وارانہ خلیج پیدا کرتی ہے۔‘

انہوں نے لالو پرساد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

ادھر ورون گاندھی کی والدہ مانیکہ گاندھی اپنے بیٹے سے ملاقات کرنے ایٹا جیل گئیں اور آج ہی رام جنم بھومی نیاس کے صدر اور سابق رکن پارلیمان رام ولاس ویدانتی بھی ورون گاندھی سے ملاقات کرنے گئے۔

ملاقات کے بعد ویدانتی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ اگر وہ ریلوے کے وزير ہوتے تو ورون کے خلاف دیے گئے بیانات کے جواب ميں لالو پرساد یادو پر ریل چلوا دیتے۔