جموں: بس دریا میں گری، 27 ہلاک

جموں میں بس حادثے ایک فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنبس حادثے کا واقعہ جموں کے کشتواڑ ضلع میں پیش آیا ہے۔
    • مصنف, بینو جوشی
    • عہدہ, بی بی سی، جموں
  • وقت اشاعت

ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی پولیس کا کہنا ہے کہ ایک منی بس کے دریائے چناب میں گرنے سے کم از کم 27 افراد ہلاک جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ حادثہ پیر کی صبح جموں سے تقریبا 240 کلومیٹر شمال مشرق کے پہاڑی علاقے کشتواڑ ضلع میں ہوا ہے۔ مسافروں سے بھری یہ بس 500 فٹ نیچے بہنے والےدریائے چناب میں گر گئی۔

بیس افراد کو لے جانے کی گنجائش والی اس منی بس میں تیس سے زیادہ افراد سوار تھے۔

جموں میں پولیس اہلکار حسیب مغل کا کہنا تھا کہ یہ منی بس کشتواڑ سے پالمار جارہی تھی اور بندرکٹ کے قریب یہ حادثہ پیش آیا۔

حادثے کا تفتیش جاری ہے۔

اس حادثے میں زخمی ہونے والوں میں چار افراد کی حالت نازک بتائی جارہی۔ زخمیوں کو ہیلی کوپٹر کے ذریعے جموں کے سرکاری میڈیکل کالج لے جایا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بس میں سوار بیشتر افراد سرکاری ملازم تھے اور وہ اپنے کام پر جانے کے لیے بس میں سوار تھے۔

ایک پولیس اہلکار کے مطابق ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ ڈرائیور نے بس کو پتلی سڑک پر ایک موڑ پر تیزی سے گاڑی موڑنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے وہ قابو کھو بیٹھا۔