’بائیں محاذ کے ساتھ نظریاتی یکسانیت‘

راہل گاندھی
،تصویر کا کیپشنراہول گاندھی نے ایک بار پھر کہا ہے کہ منموہن سنگھ ہی وزیر اعظم کے عہدے کے امیدوار ہوں گے
وقت اشاعت

ہندوستان میں حکمراں جماعت کانگریس کے نوجوان رہنما اور پارٹی کے جنرل سکریٹری راہول گاندھی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ قومی ترقی پسند محاذ حکومت بنانے میں کامیاب ہوگا اور یہ بھی امید ظاہر کی ہے کہ انتخابات کے نتائج آنے کے بعد قومی ترقی پسند محاذ اور بائیں محاذ میں تعاون پیدا ہوجائے گا۔

دلی میں ایک نیوز کانفرنس میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اپنی حکومت کی کامیابیوں کو بھی گنواتے ہوئے کہا کہ روز گارگارنٹی سکیم اور معلومات تک رسائی کے حق یعنی آر ٹی آئی نافذ ہونے سے عام لوگوں کو کافی فائدہ ہوا ہے۔

اس کے علاوہ راہول گاندھی نے ایک بار پھر کہا کہ اگر کانگریس حکومت تشکیل دینے کی پوزیشن میں آتی ہے تو وزير اعظم کے عہدے کے لیے منموہن سنگھ ہی امیدوار ہوں گے۔

راہول کے مطابق حزب اختلاف کا محاذ این ڈی اے پوری طرح ختم ہو چکا ہے اور ان کے مطابق اس محاذ کو ایک بار پھر اپوزیشن ميں بیٹھنا پڑے گا۔

بائيں محاذ کی حمایت حاصل کرنے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ بایاں محاذ ابھی بھی پرانے خیالات کا حامل ہے اور انہیں یہ تسلیم کرنا پڑے گا کہ دنیا بدل چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بائیں محاذ کے ساتھ کافی اختلافات ہیں لیکن اس کے باوجود ان کے ساتھ نظریاتی یکسانیت ہے۔

بائيں محاذ کی جانب سے سرکار بنانے کے لیے حمایت کے سلسلے میں راہول کا کہنا تھا ’اگر بایاں محاذ سب سے بڑے محاذ کے طور پر ابھر کر سامنے آتا ہے تو ميں خود کہوں گا کہ ان کو حمایت فراہم کریں۔‘

بھارتیہ جنتا پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’بی جے پی اور کانگریس میں کوئی یکسانیت نہيں کیونکہ بی جے پی نے گجرات کروایا، وہ پارٹی خواتین پر ظلم کرتی ہے اور عیسائیوں پر حملے کرتی ہے۔‘