انڈیا: انتخابات مکمل ، گنتی 16 مئی کو

- مصنف, شکیل اختر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی
- وقت اشاعت
ہندوستان میں بدھ کو چھیاسی حلقوں میں آخری مرحلے کی پولنگ کے ساتھ پارلیمانی انتخابات مین ووٹنگ کا عمل تکمیل کو پہنچا ۔ ووٹوں کی گنتی 16 مئی کو ہو گی ۔
انتخابی کمیشن نے بتایا ہے کہ آخری دور میں مجموعی طور پر 62 فی صد پولنگ ہو ئی ہے ۔ پنجاب کی نو سیٹوں پر 60 سے 65 فی صد ، تمل ناڈو کی 39 سیٹوں پر 60 سے 62 اور اتر پردیش کی 14 سیٹوں پر 52 فی صد ووٹروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ جموں و کشمیر کی دو سیٹوں پر 40 سے 45 فی صد پولنگ ہو ئی ۔
ووٹ ڈالنے کا یہ عمل پانچ مرحلے میں پورا ہوا ہے ۔اب پوری توجہ نتائج پر مرکوز ہے۔ ووٹوں کی گنتی 16 مئی کو ہوگی۔ ووٹنگ مشینیں پورے ملک میں کاؤنٹنگ مراکز پر پہنچائی جا رہی ہیں۔ مختلف اخبارات اور ٹیلی ویژن ایگزٹ پولز کی بنیادوں پر اپنی اپنی پیش گوئیاں کر رہے ہیں ۔ ايگزٹ پولز سے بھی کو ئی واضح تصویر سامنے نہیں آئی ہے ۔
آخری مرحلے میں تامل ناڈو کی انتالیس، اتر پردیش کی چودہ ، مغربی بنگال کی گیارہ، پنجاب کی نو، ہماچل پردیش کی چار، اتراکھنڈ کی سبھی پانچ، جموں و کشمیر کی دواور چنڈی گڑھ و پانڈیچری کی ایک ایک سیٹ کے لیےووٹنگ ہوئی۔
اس مرحلے میں جن اہم رہنماؤں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ ہونا ہے ان میں وزیر داخلہ پی چدامبرم ، ترنمول کانگریس کی ممتا بنرجی ، سی پی ایم کے محمد سلیم ، بی جے پی کے نوجوت سنگھسدھو اور کانگریس کے اظہرالدین اور کشمیر کے علحیدگی پسند رہنما سجاد غنی لون شامل ہیں۔ ورون گاندھی، منی شنکر ایر، دیا ندھی مارن ، اراکارہ جیہ پردہ اور ونود کھنہ کا فیصلہ بھی اسی مرحلے میں ہونا ہے ۔
آخری مرحلے کی پولنگ شام پانچ بجے ختم ہونے کے ساتھ ہی 543 رکنی لوک سبھا کے لیے ووٹ ڈالنے کا عمل بھی پورا ہو گیا۔
ووٹوں کی گنتی سے قبل ہی دارالحکومت دلی میں حکومت سازی کے لیے سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ پیر کی رات جنتا دل سیکیولر کے رہنما ایچ ڈی کماراسوامی نے خاموشی سے کانگریس کی صدر سونیا گاندھی سے اچانک ملاقات کی۔ وزیر اعظم منموہن نے ماحول بہتر کرنے کے لیے بی جے پی کے اتحادی اور بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار سے فون پر بات کی حالانکہ ان کی بات چیت سیلاب میں راحت کاری کے فنڈ سے متعلق تھی لیکن اس بات چیت کو ایک سیاسی قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔
ادھر بی جے پی کے بھی اہم رہنما ایک ایک کر کے دلی پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ چھوٹی جماعتوں نے اپنے اپنے امیدواروں کو کاؤنٹنگ کے دن ایک جگہ جمع ہونے کی ہدایت کی ہے ۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کانگریس کی زیر قیادت یو پی اے اور بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے ، دونوں بڑے اتحاد چھوٹی چھوٹی جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔ موجودہ صورتحال کے بارے میں ایک بڑے رہنما کا کہنا ہے کہ ہر شحص اور ہر گروپ اس وقت بات چیت میں مصروف ہے اور ہر پارٹی اس وقت ہر گروپ کی حکمت عملی میں شامل ہے۔






















