سلم ڈاگ اداکار کا گھر منہدم

- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
- وقت اشاعت
فلم سلم ڈاگ ملینیئر جس نے اس سال آٹھ آسکر ایوارڈ حاصل کر کے دنیا بھر میں شہرت پائی اس فلم کے چائلڈ اداکار اظہرالدین کے سر سے آج چھت چھین لی گئی کیونکہ شہر کی میونسپل انتظامیہ نے ان کا گھر منہدم کر دیا ہے۔
اظہر نے فلم میں ہیرو کے بڑے بھائی جمال کے بچپن کا رول کیا تھا۔
اظہر اپنے ٹوٹے ہوئے مکان میں آج افسردہ بیٹھا ہے صرف اس لیے نہیں کہ اس کا گھر اجاڑ دیا گیا بلکہ اس لیے بھی کہ جب بلڈوزر چلے تو اس کا بڑا مرغا جس کا نام راجو تھا وہ اس میں دب کر مر گیا۔اظہر نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بہت دکھ ہے کہ میرا گھر ٹوٹ گیا سب نے میرا گھر بھی چھین لیا۔ باندرہ ریلوے سٹیشن کے سامنے کھلی زمین پر اظہر کی والدہ نے تال پتری کا جھوپڑا بنایا تھا۔پیسے ملنے کے بعد انہوں نے اب کچھ لکڑی لگا کر اس پر ٹین کے شیڈ ڈال دیے تھے تاکہ بارش بچاؤ وہ سکے لیکن بارش سے قبل ہی ان کا جھپوڑا توڑ دیا گیا۔
میونسپل انتظامیہ جنہوں نے یہ جھوپڑے توڑے ہیں بتایا کہ مذکورہ زمین گارڈن کے لیے مختص ہے اس لیے یہ جھوپڑے غیر قانونی تھے اس لیے انہیں منہدم کرنا لازمی تھا۔
فلم سلم ڈاگ ملینئیر میں کام کرنے کے بعد جب فلم نے شہرت حاصل کی اور میڈیا نے غریب نگر کے ان جھوپڑوں کا رخ کیا تو اس وقت شہر کی ایک سیاسی جماعت نے بھی ان بچوں کو گھر دینے کا وعدہ کیا تھا۔میڈیا میں خبریں بھی آئیں لیکن اظہر کی والدہ شمیم کا کہنا تھا کہ سب آئے سب نے وعدہ کیا لیکن کسی نے پورا نہیں کیا۔
فلم سلم ڈاگ ملینیئر فوکس انڈیا پرائیوٹ لمیٹیڈ کی فلم جس کی ہدایت برطانوی ہدایت کار ڈینی بوئل نے دی تھی، اظہر اور اس فلم کی دوسری چائلڈ اداکارہ روبینہ علی کو تعلیم دلانے کے لیے سکول میں داخلہ دلایا ہے لیکن گھر دلانے کا وعدہ پورا نہیں کیا۔شمیم کا کہنا ہے کہ شروع سے سب نے وعدہ کیا لیکن آج تک انہیں مکان نصیب نہیں ہوا۔
فلم نے دو سو ملین ڈالر سے زیادہ کا بزنس کیا تھا اور اس فلم نے بھارتی فلم انڈسٹری کو ایک نیا مقام دلایا تھا کیونکہ یہ ایک ایسی فلم تھی جس نے آسکر ایوارڈ حاصل کیا تھا۔فلم میں سارے اداکار ہندستانی تھے۔فلم کی کامیابی کے بعد اظہر کو بھی بہت شہرت حاصل ہوئی تھی۔حال ہی میں اس نے ایک فلم مکمل کی اور اب وہ کئی اشتہارات میں کام بھی کر رہا ہے۔
اظہر کی زندگی بچپن سے ہی فٹ پاتھ پر بسر ہوئی۔اظہر کی والدہ پہلے ممبئی کے ایک دوسرے علاقے میں جھوپڑے میں رہتی تھیں لیکن وہ بھی چونکہ غیر قانونی تھا اس لیے انہیں وہاں سے ہٹا دیا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی






















