بھارت اور ترکی میں سوائن فلو کی تصدیق

بھارت اور ترکی نے اپنے ملک میں میکسیکو سے پھیلنے والے سوائن فلو سے متاثرہ مریضوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان ممالک میں یہ مرض پھیل رہا ہے۔
دونوں ممالک نے ایئر پورٹ پر آنے والے مسافروں کی سکریننگ کے بعد ان میں ایچ ون نائن ون وائرس کے پائے جانے کی تصدیق کی۔
اسی دوران جاپان کے طبی حکام نے بھی ایک مغربی ساحلی شہر کوب کے ایک سترہ سالہ طالب علم کی سوائن فلو سے متاثر ہوا ہے جبکہ دو مزید افراد میں بھی وائرس پائے جانے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جن میں سے کسی نے بھی دوسرے ممالک کا سفر نہیں کیا۔
اس کے علاوہ اب تک انتالیس ممالک میں تقریبًا ساڑھے آٹھ ہزار افراد میں اس وائرس کے پائے جانے کی تصدیق ہوئی ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ وائرس چوبیس گھنٹوں میں ایک ہزار افراد میں پھیلا۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ اس وائرس کی وجہ سے اب تک 72 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ گزشتہ ہفتے میں میکسیکو میں اس وائرس کے وبائی شکل میں پھیلنے کے بعد سے سب سے زیادہ کیسز امریکہ میں سامنے آئے ہیں۔
سوائن فلو ایسا وائرس ہے جو سانس کے نظام کو متاثر کرتا ہے اور عموماً سؤروں میں پایا جاتا ہے۔ یہ وائرس عام طور پر انسانوں پر اثر انداز نہیں ہوتا لیکن ایسے افراد کو متاثر کر سکتا ہے جو سؤروں کے بہت قریب ہوں۔


















