نئی کابینہ کی حلف برداری آج

- مصنف, شکیل اختر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی
- وقت اشاعت
کانگریس کے رہنما اور نامزد وزیر اعظم منموہن سنگھ جمعہ کی شام دوسری مدت کے لیے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے ۔ ان کے ساتھ 19 وزراء بھی حلف اٹھائیں گے۔
وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق جمعہ کو وزیر اعظم کے ساتھ ساتھ جو وزراء حلف اٹھائیں گے ان میں پرنب مکھرجی، پی چدامبرم، ممتا بینرجی، شرد پوار کمل ناتھ، اے کے اینٹنی، کپل سبل کے نام قابل ذکر ہیں۔
اس فہرست میں غلام نبی آزاد، آنند شرما، فاروق عبداللہ، مرلی دیورا، اور امبکا سونی کے نام بھی شامل ہیں۔
ضروری نہیں ہے کہ حلف برداری کےوقت وزراء کے قلم دانوں کا بھی اعلان کیا جائے۔
توقع ہے کہ وزارتوں کی تقسیم کل عمل میں آئے گی۔
کانگریس چونکہ کم و بیش اپنے زور پر اقتدار میں آئی ہے اس لیے یہ توقع کی جا رہی ہے کہ خارجی اور داخلی امور کی وزارتوں کے علاوہ خزانہ ، دفاع ، انسانی وسائل ، اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی جیسی وزارتیں وہ اپنے پاس رکھے گی۔
ایک اہم اتحادی ڈی ایم کے کابینہ میں چار وزارتوں کا مطالبہ کر رہی ہے اور اطلاعات کے مطابق کانگریس صرف دو وزارتیں دینے کے حق میں ہے ۔ ڈی ایم کے ناراض ہے اور اگر شام تک بات نہ بنی تو زیادہ امکان یہ ہے کہ وہ کابینہ میں میں اس مرحلے پر شامل نہیں ہو گی۔
یہ بھی خبر ہے کہ ترنمول کانگریس کی رہنما ممتا بنر جی ریلوے کی وزارت مانگ رہی ہیں ۔ ڈی ایم کے بھی عوام میں مقبول اس وزارت کے لیے کو شاں ہے۔ لیکن کانگریس کسی جلدی میں نہیں ہے اور وہ اپنے فیصلوں پر فی الحال اٹل نظر آتی ہے ۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کانگریس کی زیر قیادت اتحاد کو لوک سبھا میں اکثریت حاصل ہوئی تھی ۔ بعد میں ملائم سنگھ یادو کی سماجوادی پارٹی، مایاوتی کی بہوجن سماج پارٹی اور لالو پرساد یادو کے راشٹریہ جنتا دل نے بھی کانگریس کی باہر سے حمایت کا اعلان کر دیا تھا
منموہن سنگھ اپنی نئی کابینہ میں اپنے سابق اتحادی لالو پرساد کو شامل نہیں کریں گے۔






















