ہندوستان: 59 وزراء کی حلف برداری

- مصنف, بیورو رپورٹ
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دِلی
- وقت اشاعت
ہندوستان کے وزیر اعظم منموہن سنگھ کے وزارتی کونسل کے انسٹھ نئے وزراء نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا لیا ہے۔
اس سے پہلے گزشتہ جمعہ کو وزیر اعظم منموہن سنگھ سمت انیس وزراء نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا تھا۔
وزارتی کونسل میں اب مجموعی طورپر اناسی وزراء ہوگئے ہیں جن میں منموہن سنگھ بھی شامل ہیں۔
ایوان صدر کے اشوک ہال میں ہونے والی اس تقریب میں صدر پرتبھا پاٹل نے انسٹھ وزراء سے حلف لیا۔
اس موقع پر کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور وزیر اعظم منموہن سنگھ کے علاوہ سرکردہ سیاسی شخصیات موجود ہیں۔
آج جن وزراء نے حلف اٹھایا ہے ان میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ، مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی ولاس راؤ دیش مکھ، دیاندھی مارن، کماری شیلجا، اور ڈاکٹر ایم ایس گل بھی شامل ہیں۔
شری پرکاش جیسوال، سلمان خورشید، جے رام رمیش، پرفل پٹیل، اور پرتھوی راج چوہان، نے وزراء مملکت کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ ان وزراء کو جس وزارت کا قلمدان سونپا جائے گا انہیں اس وزارت کا مکمل اختیار حاص ہو گا اور وہ کسی وزیر کی زیر نگرانی نہیں ہوں گے۔
اس کے علاوہ وزراء مملکت کے عہدوں کا حلف اٹھانے والوں میں سچن پائلٹ، جیوتر آدتیہ سندھیا، آگاتھا سنگما اور اجے ماکن کے نام اہم ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گزشتہ روز کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کے ساتھ تقریباً چار گھنٹے تک صلاح و مشورے کے بعد وزیر اعظم منموہن سنگھ نے اپنی وزارتی کونسل کے لیے کابینہ کے درجے کے چودہ اور پینتالیس وزراء مملکت کے ناموں کا اعلان کیا تھا جن میں سے سات کو ان کی وزارتوں کا آزادانہ چارج دیا جائے گا۔
اس سے قبل بائیس مئی کو وزیر اعظم کے ساتھ انیس وزراء کی حلف برداری عمل میں آئی تھی ۔
کابینہ درجے کے جن نئے چودہ وزراء کو شامل کیا گیا ہے ان میں بیشتر کا تعلق کانگریس سے ہے ۔ اس میں اتحادی ڈی ایم کے اور نیشنل کانفرنس کے وزراء بھی شامل کیے گئے ہیں۔
اتحادی ترنمول کانگریس کی رہنا ممتا بنرجی تو پہلے ہی ریلوے کی وزیر بنائی جا چکی ہیں، اب ان کی جماعت کے چھ ارکان کو وزراء مملکت بنایا گیا ہے۔ ڈی ایم کے کے بھی چار ارکان وزراء مملکت کی فہرست میں شامل ہیں۔
گجرات کا کوئی بھی رکن کابینہ درجے کا وزیر نہیں بنایا گیا ہے۔
وزراء کے قلمدانوں کا اعلان جمعرات کو ہی متوقع ہے۔






















