انڈیا: سوائن فلو کا پانچواں کیس

ہندوستان کی وزارت صحت نے ملک میں سوائن فلو کے پانچویں کیس کی تصدیق کردی ہے۔ یہ تازہ کیس ریاست آندھرا پردیش میں حیدرآباد کا ہے جہاں امریکہ سے آئے ایک شخص ميں اس بیماری کی علامتیں پائی گئی ہیں۔
جس شخص میں اس بیماری کا وائرس (ایچ ون این ون ) پایا گیا ہے اس کی عمر 28 برس ہے اور وہ لندن کے ذریعے امریکہ سے واپس ہندستان آئے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق یہ سافٹ ویئر انجینئر ہیں اور امریکہ میں ایک مہینہ گزارنے کے بعد وہ 31 مئی کو ہندوستان پہنچے ہیں۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 31 مئی کو حیدرآباد پہنچنے کے دو روز بعد اس شخص کو بخار ، سردی، زکام اور گلے میں انفیکشن کی شکایت ہوگئی تھی۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے ’اس متاثرہ شخص کے آس پاس رہنے والے افراد کا معائنہ بھی کیا جارہا ہے۔
اس سے قبل حیدرآباد میں ہی سولہ مئی کو بلومنگٹن کی انڈیانہ یونیورسٹی میں زیر تعلیم 23 سالہ ایک طلبہ علم میں سوائن فلو کی علامتیں پائی گئی تھیں تاہم اس کے مناسب علاج کے بعد اسے ہسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔
صحت کے عالمی ادارے ڈبلیو ایچ او کے مطابق سوائن فلو 69 ممالک تک پھیل چکا ہے اور اس سے اب تک 22000 سے زيادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ادارے کا یہ بھی کہنا ہے کہ سوائن فلو سے کم از کم 125 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔


















