منموہن سنگھ کے لیے اوباما کا خط

- مصنف, سہیل حلیم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی
- وقت اشاعت
ہندوستان کے دورے پر آئے اعلی امریکی سفارتکار ولیم برنس وزیر اعظم منموہن سنگھ کے لیے صدر براک اوباما کا ایک خط لیکر آئے ہیں لیکن ابھی یہ واضح نہیں کہ خط میں کیا کہا گیا ہے۔
یہ انکشاف پاکستان اور افغانستان کے لیے صدر اوباما کے ایلچی رچرڈ ہالبروک نے واشنگٹن میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
رچرڈ ہالبروک نے کہا کہ نائب سیکریٹری برائے سیاسی امور ولیم برنس ایک 'پرائویٹ صدارتی خط' لیکر گئے ہیں جو ' میں خود لیکر جاتا اگر میرے پاس وقت ہوتا۔'
'امریکی حکومت مانتی ہے کہ جو کچھ افغانستان اور پاکستان میں ہوتا ہے وہ ہماری قومی سلامتی کے لیے کلیدی اہمیت کاحامل ہے۔ اور ہمارے لیے ضروری ہےکہ ہم ہندوستان سے صلاح مشورہ کرتے رہیں۔'
'ہم ہندوستان کو اس خطےمیں ایک انتہائی اہم اتحادی ملک مانتے ہیں، وہ بے حد موثر ہیں اور ہم ان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔'
اگرچہ ابھی سرکاری طور پر اس بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہےکہ صدر اوباما نے ہندوستانی وزیر اعظم کو کیا پیغام بھیجا ہے، لیکن خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق' یہ خط ہندوستان کے ساتھ تعلقات کے بارے میں تو ہے لیکن اس کا مہور پاکستان اور افغانستان نہیں ہیں۔'
ولیم برنس نے دلی میں وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا سے بھی بات چیت کی ہے جس میں انہوں نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع کیا جائے۔
پاکستان سے بات چیت ممبئی پر حملوں کے بعد معطل کردی گئی تھی۔ ہندوستان کا موقف ہے کہ جب تک پاکستان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی نہیں کرتا اور ممبئی پر حملوں میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک نہیں پہنچاتا، تب تک بات چیت دوبارہ شروع نہیں ہوسکتی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ولیم برنس نے خارجہ سیکریٹری شو شنکر مینن اور وزیر داخلہ پی چدمبرم سے بھی ملاقات کی ہے۔
امریکہ کی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن آئندہ ماہ ہندوستان کا دورہ کرنے والی ہیں۔






















