ماؤنوازوں کےحملے میں پولیس ہلاک

ہندوستان کی ریاست جھار کھنڈ میں جمعہ کے روز ماؤنواز باغیوں کے دو الگ الگ حملوں میں دس پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس تازہ واقعے میں چار پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔
دو روز قبل ہی جھارکھنڈ کے مغربی سنگھ بھوم ضلع میں ماؤنوازوں کے ایک حملے میں دس پولیس اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
پہلا واقعہ صنعتی شہر بیرمو میں میں ہوا جہاں پولیس اہلکار ایک بینک میں پیسہ جمع کر کے واپس ہورہے تھے۔ ماؤنواز باغیوں نے راستے میں ان پرگھات لگا کر حملہ کیا۔ اس میں دو سپاہی مارے گئے۔
اس حملے کے دوران ہی بعض پولیس اہل کاروں نے پولیس کنٹرول روم کو وائر لیس سے حملے کی اطلاع دیدی تھی۔ ہیڈ کوارٹر سے پندرہ پولیس اہل کار ایک گاڑی پر سوار ہوکر ان کی مدد کے لیے نکلے۔ لیکن جب جیپ نو ڈیہہ ضلع پہنچی تو ماؤنوازوں نے اسے باروی سرنگ سے اڑا دیا۔
اس دوسرے حملے میں آٹھ پولیس اہلکار ہلاک ہوئے اور چار دیگر زخمی ہوگئے۔
جھارکھنڈ کے پولیس کمشنر راجیو کمار نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ پہلے حملے میں ماؤنوازوں کی تعداد زیادہ تھی۔ اس لیے پولیس جوابی کارروائی نہیں کر پائی۔
ماؤنوازوں کے ترجمان ثمر نے بی بی سی کو فون کرکے بتایا ہے کہ یہ حملہ ماؤنوازوں نے کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست آندھرا پردیش سے لیکر چھتیس گڑھ تک ماؤنوازوں کے خلاف جاری کارروائی کے بدلے میں یہ حملے کیے جا رہے ہیں۔


















