ہم جنس پرستی جائز: دلی عدالت

ہم جنس پرست
،تصویر کا کیپشنبھارت میں ہم جنس پرستوں کا یہ دیرینہ مطالبہ تھا
وقت اشاعت

بھارتی دارالحکومت دلی میں عدالت نے فیصلہ سنایا ہے کہ دو بالغ ہم جنسوں میں اپنی مرضی سے جنسی تعلق جرم نہیں ہے۔

عدالت کے اس فیصلے نے ایک سو پینتالیس سالہ پرانے قانون کو ختم کردیا ہے جس میں ہم جنس پرستی ایک غیر فطری فعل قرار دیا گیا تھا۔

حقوق انسانی کی بھارتی تنظیموں کا کہنا ہے کہ ہم جنس پرستی سے متعلق بھارتی قوانین انسانی حقوق کے خلاف ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت میں ہم جنس پرستی کی سزا دس سال قید تھی۔

اٹھائیس جون کو بھارت کے کئی شہروں میں ہم جنس پرستوں نے ریلیاں منعقد کی تھیں۔ اس دوران اس قسم کی بھی خبریں موصول ہو رہی تھیں کہ حکومت ہم جنس پرستی کے خلاف دفعہ 377 کو ختم کرنے پر غور کر رہی ہے۔ اسی قانون کو ہٹانے کا مطالبہ کرنے کے لیے ہم جنس پرستوں نے ممبئی، بنگلور، کولکتہ اور چینئی میں خصوصی ریلیاں منعقد کی تھیں۔