شائنی کی عدالتی حراست میں توسیع

- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
- وقت اشاعت
ممبئی کی ایک عدالت نے بالی وڈ اداکار شائنی آہوجہ کی عدالتی حراست میں مزید پندرہ دنوں کی توسیع کا حکم دیا ہے۔ شائنی کو ممبئی پولیس نے اپنی گھریلو ملازمہ کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کے الزام میں پندرہ جون کو گرفتار کیا تھا۔
شائنی نے ضمانت کی اپیل ممبئی سیشن کورٹ میں داخل کی ہے جس کی سماعت جمعہ کے روز ہو گی۔ شائنی نے اپنی اس اپیل میں کہا ہے کہ وہ ایک اچھے خاندان سے ہیں اور یہ کہ ان کی کئی فلمیں ابھی نامکمل ہیں اس لیے انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔
شائنی کی گرفتاری کے بعد سے پولیس نے ان کے گھر سے چادر اور دیگر سامان ضبط کیا تھا جنہیں طبی جانچ کے لیے لیباریٹری بھیجا گیا تھا اس کے علاوہ ان کے کئی طبی ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے ان کے ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ ڈپٹی پولیس کمشنر نکیت کوشک نے اس کی تصدیق کی اور کہا کہ اس رپورٹ سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ شائنی نے ہی ملازمہ کے ساتھ جنسی زیادتی کی ہے۔
پولیس کے مطابق شائنی کے ہاتھ پر کھرونچ کے نشان ہیں جو اس کا ثبوت ہیں کہ ملازمہ نے اپنا دفاع کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس کے علاوہ شائنی کے جسم پر کہیں بھی اور چوٹ کے نشان نہیں ملے۔
شائنی اور جنسی زیادتی کی شکار ہوئی ملازمہ کے کئی اور ٹیسٹ کی رپورٹ ابھی آنا باقی ہے لیکن پولیس کا دعوی ہے کہ ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹ اس کیس کا پختہ ثبوت ہے اب اس کے علاوہ کسی اور ٹیسٹ رپورٹ کو کوئی زیادہ اہمیت نہیں رہ جاتی ہے۔
شائنی کو ان کی حفاظت کے پیش نظر ممبئی کے سینٹرل آرتھر روڈ جیل کے ایک علیحدہ سیل میں رکھا گیا ہے۔ جیل حکام کے مطابق شائنی کو عام قیدیوں کی ہی طرح جیل کا کھانا دیا جا رہا ہے اور وہ دن بھر کتابیں پڑھتے یا کثرت کرتے رہتے ہیں۔
شائنی کی ملازمہ نے چودہ جون کو ممبئی پولیس میں شکایت درج کرائی تھی کہ جس وقت وہ گھر میں تنہا تھیں اس وقت آہوجہ نے ان کے ساتھ زیادتی کی تھی۔ پولیس نے آہوجہ کو حراست میں لے لیا تھا۔ ساری رات انہیں پولیس سٹیشن میں رکھا گیا۔ صبح جب ملازمہ کی پولیس ہسپتال میں جانچ کی رپورٹ میں جنسی زیادتی کی مثبت رپورٹ آئی تب پولیس نے انہیں جنسی زیادتی ، غیر قانونی طور پر قید رکھنے اور جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے الزامات کے تحت کیس درج کیا تھا۔ اگر جرم ثابت ہوا تو شائنی کو کو کم سے کم سات سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
شائنی جنہوں نے ہزاروں خواہشیں ایسی فلم سے بالی وڈ میں قدم رکھا گینگسٹر، وہ لمحے، میٹرو جیسی فلموں میں کام کر چکے ہیں لیکن اب اس الزام کے ساتھ ان کا فلمی کریئر خطرے میں نظر آتا ہے کیونکہ سوائے چند ہستیوں کے بالی وڈ ان کے حق میں سامنے نہیں آیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی






















