غریب مسافروں کے لیے ’عزت‘ کارڈ

ہندوستان کی ریلوے کی وزیر ممتا بینرجی نے جمعہ کو روز پارلیمنٹ میں ریلوے بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کے لیے بہتر سہولتیں انکی پہلی ترجیح ہوگی۔
انکا کہنا تھا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ ترقی کا فائدہ سب کو پہنچے۔
عام آدمی کا خیال رکھتے ہوئے اس برس بھی ریلوے کے کرائے میں کسی طرح کا کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔
ریل بجٹ پیش کرتے ہوئے ممتا بینرجی نے کہا کہ ریل میں سفر کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور پورے ملک میں عالمی سطح کے 50 ریلوے اسٹیشنز بنائے جائیں گےجس میں پرائیوٹ کمپنیوں کی مدد لی جائے گی۔
ریل بجٹ پیش کرتے ہوئے ممتا بینرجی نے غریب طبقے کے لوگوں کے لیے 'عزت' نامی اسکیم کا اعلان کیا جس کے تحت 1000 سے 1500 ماہانہ آمدنی والے افراد کو 25 روپے میں ایک کارڈ دیا جائے گا جس کی مدت ایک ماہ ہوگی اور اس دوران وہ 100 کلومیٹر تک کا روزانہ سفر کرسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ ایک اہم اعلان میں انہوں نے کہا کہ ریلوے ٹکٹ پر طلبہ کو دی جائے والی رعایت میں مدرسے کی طلبہ کو بھی شامل کیا جائے گا۔ ہندوستان میں عام طور پر طلبہ کو ریلوے ٹکٹ پر پچاس فی صد کی رعایت ملتی ہے جس میں مدرسے کے طلبہ کو شامل نہیں کیا گیا تھا۔
بڑے شہروں کے درمیان نان اسٹاپ ریل گاڑیاں چلائی جائیں گی جو صرف اپنی منزل پر پہنچ کر رکیں گی۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ معذوروں اور معمر افراد کے لیے خصوصی سہولتیں دی جائیں گی۔ ساتھ ہی لمبی دوری والی ٹرینوں میں کم از کم ایک ڈاکٹر کو تعینات کیا جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کے علاوہ عام ٹکٹ خریدنے کے لیے کاؤنٹر کی تعداد 8 ہزار کردی گئی ہے۔ جب کہ نئی تجویز کے تحت ٹکٹ مارکیٹ اور محلوں میں بھی خریدے جاسکیں گے۔ اس کے لیے ملک بھر میں 50 موبائیل وینیں شروع کی جائیں گے ۔ اس کے علاوہ پانچ ہزار ڈاک گھروں میں ریلوے ٹکٹ فروخت کیے جائیں گے۔
خواتین کے لیے خصوصی اعلان کرتے ہوئے ممتا بینرجی نے کہا کہ نئی لیڈی سپیشل ٹرین چلائی جائیں گی۔ خواتین کی حفاظت کے لیے ٹرین میں خواتین کمانڈوز کی تعینات بڑھائی جائے گی۔
ایک اہم اعلان میں انہوں نے کہا کہ تتکال اسکیم یعنی فورا ٹکٹ حاصل کرنے کی سہولت والی اسکیم کے تحت اب مسافر پانچ دن کے بجائے دو دن پہلے ہی ٹکٹ لے سکتے ہیں۔ اس اسکیم کے تحت جن افراد کے پاس سفر سے ایک ڈیڑھ ہفتے پہلے ٹکٹ بک کرانے کا وقت نہیں ہوتا ہے وہ فورا جاکر شارٹ ناٹس پر ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔ تتکال ہندی لفظ ہے جس کا مطلب ہوتا ہے فورا۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ نئی تجویز کے تحت وزرات ریلوے 18 ہزار مال ڈبے خریدے گی۔
تسلیم شدہ صحافیوں کے لیے ریلوے ٹکٹ پر 30 فی صد کی جگہ 50 صد کی چھوٹ دی جائے گی۔
اس کے علاوہ اہم ریلوے سٹیشنز کے درمیان 12 نئی نان اسٹاپ ریل گاڑیاں چلائی جائیں گی۔






















