آسام: بارودی سرنگ دھماکہ، کرنل ہلاک

آسام سکیورٹی
،تصویر کا کیپشنہو سکتا ہے یہ حملہ این ڈی ایف بی کی جانب سے کیا گیا ہو: کھاگنےسرماہ
    • مصنف, سبیر بھومک
    • عہدہ, بی بی سی نیوز کلکتہ
  • وقت اشاعت

ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست آسام کے حکام کے مطابق باردوی سرنگ کے دھماکے میں ایک کرنل اور ان کے ڈرائیور کی موت ہو گئی ہے۔

کولکتہ میں ہندوستان کی وزارت دفاع کے ترجمان ونگ کمانڈر مہیش اپاسنی نے بی بی سی کو بتایا کہ آسام کے سونتی پور ضلع کے بالی پارا جنگلات کے نزدیک فوج کی ایک گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔

انہوں نے مزيد بتایا کہ دھماکے سبب پوری گاڑی تباہ ہو گئی جس میں ایک کرنل اور ان کے ڈرائیور کی موت ہو گئی۔

حالانکہ فوجی وفد کی دیگر گاڑیوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے کیونکہ دھماکے کے فوراً بعد تمام گاڑیاں رک گئی تھیں۔

جس وقت یہ دھماکہ ہوا اس وقت کرنل اروناچل پردیش میں واقعہ اپنے بیس ٹینگا وادی کے راستے میں تھے۔

اس واقعہ کے بعد فوج اور پولیس نے علاقے کی گھیرا بندی کر دی ہے اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

پولیس نے اس حملے کے لیے نیشنل ڈیموکریٹک فرنٹ آف بوڈو لینڈ کو ذمہ دار ٹھرایا ہے۔

آسام کی خفیہ پولیس کے چیف کھاگنےسرماہ کے مطابق’ ہو سکتا ہے یہ حملہ این ڈی ایف بی کی جانب سے کیا گیا ہو‘۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی علحیدگی پسند یوم جمہوریہ کی تقریبات سے قبل حملے کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔