مہاراشٹر: ڈاکٹروں کی ہڑتال جاری

مہاراشٹر کے ہڑتالی ڈاکٹر
،تصویر کا کیپشنہمیں بھی برابری کا حق ملنا چاہئے: ہڑتالی ڈاکٹر
    • مصنف, ریحانہ بستی والا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
  • وقت اشاعت

مہاراشٹر ایسوسی ایشن آف ریذیڈینٹس ڈاکٹرز (مارد) کےڈاکٹروں کی ہڑتال پیر کو ساتویں دن میں داخل ہو چکی ہے لیکن حکام اور ڈاکٹروں کے درمیان گفتگو کسی بھی نتیجے پر نہیں پہنچی جس کی وجہ سے سیکڑوں غریب مریض علاج سے محروم ہیں۔

سات جولائی سے مہاراشٹر کے تقریباً ساڑھے چار ہزار ڈاکٹروں نے اپنی تنخواہوں میں اضافہ اور اچھے ماحول میں کام کرنے کے مطالبات منوانے کے لیے ہڑتال شروع کی تھی۔ حکومت نے ان سے گفتگو کے بجائے اپنا موقف واضح کیا کہ ڈاکٹروں کو پہلے کام پر لوٹنا ہوگا اس کے بعد ہی گفتگو ممکن ہوگی۔ ڈاکٹروں نے حکومت کے اس فیصلے کو ٹھکرا دیا جس کے نتیجے میں حکومت نےان ڈاکٹروں کو معطل کر دیا ہے۔

مہاراشٹر یونیورسٹی آف ہیلتھ سروسز انتظامیہ کونسل کی میٹنگ جاری ہے جس میں غور کیا جا رہا ہے کہ کیا ہڑتالی ڈاکٹروں کا رجسٹریشن منسوخ کیا جائے۔ جوائنٹ ڈائرکٹر آف میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر پروین شنگارے کے مطابق حکومت ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں چھ ہزار روپیوں کا اضافہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ البتہ ڈاکٹروں نے حکومت کی اس پیش کش کو ٹھکرا دیا ہے۔

چند ہسپتالوں کے ڈاکٹروں کو ہسپتال کا ہوسٹل خالی کرنے کے لیے کہہ دیا گیا ہے اور ڈاکٹرز سڑک پر رہنے کے لیے تیار ہیں۔

مہاراشٹر کے ہڑتالی ڈاکٹر چندہ لیتے ہوئے
،تصویر کا کیپشنمہاراشٹر کے ہڑتالی ڈاکٹر چندہ لیتے ہوئے

اپنی بات منوانے کے لیے اب ڈاکٹروں نے احتجاج کا انوکھا طریقہ اپنانا شروع کر دیا ہے۔ ممبئی کے کنگ ایڈورڈ میموریل ( کے ای ایم) ہسپتال کے باہر ڈاکٹروں نے لوگوں کی ٹیکسیاں دھونی شروع کر دی ہیں۔ کچھ ڈاکٹر لوگوں کے جوتے پالش کر رہے ہیں۔ کچھ نے دکانوں پر جا کر یا پھر ہسپتال کے دروازے کے باہر کھڑے ہو کر چندہ جمع کرنا شروع کر دیا ہے۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ چندہ تو وہ ان مریضوں کے لیے جمع کر رہے ہیں جن کے لیے انہیں دوائی خریدنی ہیں لیکن ٹیکسی دھونا یا جوتے پالش کرکے وہ حکومت کو یہ جتانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ان کی زندگی ان لوگوں سے بھی بدتر ہے۔

اس دوران ڈاکٹروں نے شہر کے تین بڑے ہسپتالوں کے ای ایم، نائر ہسپتال اور جے جے ہسپتال کے باہر متوازی او پی ڈی شروع کر دی ہے وہ مریضوں کا معائنہ کر رہے ہیں۔ مارد کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر انیل کے مطابق اب ڈاکٹرز حکومت کے سامنےجھکنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم بھی انسان ہیں اور ہمیں بھی برابری کا حق ملنا چاہیے۔ ہمیں دہلی اور یوپی کے ڈاکٹروں کی طرز پر تنخواہ اور کام کے لیے صاف ستھرا ماحول ملنا چاہئے‘۔