تشدد کے بعد امپھال میں کرفیو

- مصنف, سبیر بھومک
- عہدہ, بی بی سی نیوز کلکتہ
- وقت اشاعت
ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست منیپور کے امپھال شہر میں ایک مبینہ فرضی مقابلے کے خلاف پر تشدد احتجاج کے بعد وہاں غیر معینہ مدت کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
نوجوانوں کی تنظیم اپنبا لوپ نے پیر کو دو روزہ ہڑتال کا اعلان کیا تھا لیکن منگل کی رات ہڑتال کی مدت ختم ہونے کے بعد وہاں پر تشدد مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔
مظاہرین کے مطابق سابق شدت پسند چونگ خام سنجیت کو پولیس نے ایک فرضی مقابلے میں ہلاک کر دیا ہے۔
سنجیت کو ریاستی اسمبلی کے نزدیک گزشتہ چھبیس جولائی کو پولیس کمانڈوز نے ایک مبینہ انکاؤنٹر میں ہلاک کر دیا تھا۔
مقامی ٹی وی چینل پر دکھایا گیا ہے کہ اس دن سنجیت کو گھسیٹ کر ایک شاپنگ مال میں لے جایا گیا اور پھر کچھ دیر بعد اس کی لاش کو باہر لایا گیا۔
مظاہرین احتجاج کے دوران وزیر اعلی اوکرام ایبوبی کے استعفی کا مطالبہ کر رہے ہيں۔
مظاہرین نے کئی مقامات پر آگ لگائی اور سرکاری ملکیت کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔
مقامی صحافیوں کے مطابق امپھال میں حالات کشیدہ ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گذشتہ کچھ برسوں ميں منی پور میں کئی متنازعہ اموات ہوئی ہیں جن میں یا تو عام شہری رہے ہيں اور یا پھر سابق شدت پسند۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ منی پور میں سکیورٹی فورسز کو دیے گئے خصوصی اختیارات کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔






















