’ملک کومشکل صورت حال کاسامنا‘

- مصنف, صلاح الدین
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی
- وقت اشاعت
ہندوستان کے وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ مون سون میں تاخیر اور بارش کی کمی کے سبب ذراعت بری طرح متاثر ہوئی ہے اور ملک کو مشکل صورت حال کا سامنا ہے۔ دلی میں ریاستی سیکریٹریوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے منموہن سنگھ نے کہا کہ بارش کی کمی کے سبب ملک کے بہت حصوں میں کھیتی متاثر ہوئی ہے جس سے کسان اور ان کے اہل خانہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔ منموہن سنگھ کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر صورت حال اچھی نہیں ہے اور حالات سے نمٹنے کے لیے ہمیں بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔'' ہمیں کسی بھی صورت میں اپنے شہریوں کو بھوکھے نہیں رہنے دینا ہے۔'' بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گرچہ خریف کی فصل متاثر ہورہی ہے لیکن پچھلی فصل بہت اچھی تھی اور حکومت نے وافر مقدار میں اناج خریدا تھا اس لیے ملک میں اناج کی کمی نہیں ہے۔ '' حکومت کے پاس وسائل کی کمی نہیں اور ہم ہر طرح کی مدد کے لیے تیار ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے اجتماعی طور پر ہم فوری طور پر موثر کارروائی کریں۔'' منموہن سنگھ نے کہا کہ اگر ضرورت پڑے تو ہمیں بازار میں بھی مداخلت کرنے سے گریز نہیں کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیداوار میں کمی کے سبب روز مرہ کی اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ کا خدشہ ہے اور اس کی روک تھام کے لیے ریاستوں اور مرکزی حکومت کو ایک ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ '' ہمیں پبلک ڈسٹربیوشن نظام کو بھی درست کرنا پڑے گا۔'' وزیراعظم نے خبردار کیا کہ جب اس طرح کی صورت حال سامنے آتی ہے تو ذخیرہ اندوزی بھی ہوتی ہے جس پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ '' ہمیں جمع کرنے کی حدود کا تعین کرنا اور چور بازاری کرنے والے جمع خوروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کرنی ہوگی۔ ''
منموہن سنگھ کا کہنا تھا کہ جن ریاستوں میں سوکھے کی صورت حال ہے ان ریاستوں کی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ نقصان کا تخیمنہ لگائیں اور مرکز سے '' قومی آفات'' کے فنڈ کے تحت مدد طلب کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ایک اکتالیس ضلعوں میں خشک سالی کا اعلان کیا جا چکا ہے لیکن ابھی کسی بھی ریاستی حکومت نے مدد طلب نہیں کی ہے۔


















