کشمیر:گرینیڈ حملے میں ایک ہلاک

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنپندرہ اگست یوم آزادی کے موقع پر کشمیر میں ریڈ الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے
    • مصنف, ریاض مسرور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، سرینگر
  • وقت اشاعت

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں سی آر پی ایف ( سینٹرل ریزرو پولیس فورس) کے بنکر پر گرینیڈ حملے میں ایک عام شہری ہلاک ہو گیا ہے۔

یہ واقعہ شوپیاں کے جنرل بس سٹاپ کے پاس اس وقت پیش آیا جب ایک نامعلوم شخص نے بنکر پر دستی بم پھینکا تاہم نشانہ خطا ہونے سے یہ بم ایک دکان پر جا گرا۔

اطلاعات کے مطابق دھماکے میں دکان دار غلام محمد ڈار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ وہاں پر موجود دیگر نو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حملے کے بعد علاقے میں کافی دیر تک افرا تفری کا ماحول رہا جس پر بعد ازاں قابو پالیا گیا ہے۔

حملے کے بعد پولیس نے حملہ آور کو تلاش کرنے کی کارروائی شروع کی لیکن انہیں ابھی تک اس میں کامیابی نہیں مل سکی ہے۔

بھارت میں پندرہ اگست کو یوم آزادی کی تقریب ہونی ہے اور سکیورٹی حکام کے مطابق اس طرح کے حملے اسی تناظر میں کیے جا رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جہاں یہ حملہ ہوا وہاں پر بھی آزادی کی تقریب کے لیے تیاریاں ہورہی تھیں۔

ادھر ریاستی اسمبلی میں شوپیاں کے جنسی زیادتی کے واقعات پر ایک بار پھر زبردست ہنگامہ ہوا ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں کا الزام ہے کہ اس بارے میں جو ڈی این ٹیسٹ کرائے گئے ہیں اس میں جعل سازی کی گئی ہے۔ جبکہ سی بی آئی نے اس سے متعلق جو تفتیشی رپورٹ تیار کی ہے اس میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے کی ابتدائی تفتیش کے دوران نمونوں سے چھیڑ چھاڑ کی گئی تھی۔