جھارکھنڈ: ہڑتال کے دوران تشدد

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنماؤنواز باغیوں کا الزام ہے کہ ان کے دوکارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
وقت اشاعت

ہندوستان میں ماؤنواز باغیوں نے اپنے دو کارکنان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے طور پر پانچ ریاستوں میں پیر کو دو دن کی ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

ہڑتال کا اعلان جھارکھنڈ، مغربی بنگال، بہار، اڑیسہ، اور چھتیس گڑھ میں کیا گیا ہے۔

اس دوران جھارکھنڈ میں دو مقامات پر تشدد کی کارروائیاں پیش آئی ہیں اور ماؤنواز باغیوں نے جھارکھنڈ کے کومنڈی اور ہیہیگڑا کے درمیان ریل لائن کو اڑا دیا ہے۔

یہ ریل کی پٹڑی گھنے جنگلات سے ہوکر گزرتی ہے اور اس سے قبل اسی علاقے میں ماؤنواز باغیوں نے ایک ٹرین پر قبضہ کرلیا تھا۔

ماؤنواز باغیوں نے جھارکھنڈ کے پلامو ضلع کے وشرام پور میں ایک موبائیل ٹاور کو اڑا دیا ہے۔

ہڑتال کی وجہ سے جھارکھنڈ میں بس، ٹرک اور پرائیوٹ ٹرانسپورٹ سروس ٹھپ ہیں۔

ماؤنواز لیڈر کوٹیشور راؤ عرف کشن جی نے بی بی سی کو بتایا کہ پارٹی کی مرکزی کمیٹی نے اپنے کارکنان کی رہائی کے مطالبے میں ہڑتال کی کال دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بہار پولیس نے ان کے کارکنان کو انیس اگست کو رانچی سے پٹنہ جاتے ہوئے گرفتار کرلیا تھا۔

کشن جی نے الزام عائد کیا ہے کہ دونوں کارکنان کا ابھی کوئی پتہ نہیں چلا ہے اور پولیس نے دونوں کو عدالت کے سامنے پیش بھی نہیں کیا ہے۔

ادھر رانچی میں ایک سینئر پولیس اہلکار پروین کمار کا کہنا ہے کہ پولیس انتظامیہ کو ایسی کسی بھی گرفتاری کی اطلاع نہیں ہے۔