ممبئی، مسلم گنیش کی پوجا کرتے ہیں

ممبئی کی مسلم فیملی
،تصویر کا کیپشنممبئی میں ایسے کئی خاندان ہیں جو ہندو اور مسلم دونوں مذہبوں کے پیروکار ہیں
وقت اشاعت

ساجد شیخ گزشتہ تیس برسوں سے گنیش بھگوان کی آرتی کرتے آئے ہیں اور ان کے ساتھ ان کے دوست پریش پاتڑیا اور ان کی فیملی رمضان میں روزے رکھتے ہیں۔

ممبئی کے مضافاتی علاقے گھاٹ کوپر میں رہنے والا دوستوں کا یہ گروپ صرف ایک خدا میں یقین رکھتے ہیں اس لیے وہ ایک دوسرے کے مذہب ان کی تعلیمات اور ان کے تہواروں میں شریک ہوتے ہیں۔

ساجد شیخ صرف اکیلے نہیں ان کی بیوی اور بیٹا بھی ہر سال گنیش بھگوان کی آرتی میں شرکت کے لیے آتے ہیں۔ ساجد کی بیوی پردے کی پابند ہیں اس لیے وہ آرتی کے دوران بھی برقع میں ہی رہنا پسند کرتی ہیں۔

ساجد ملٹی نیشنل کمپنی نائیکی میں اسسٹنٹ مینجر کے عہدے پر فائز ہیں۔ ساجد کا کہنا ہے کہ پریش ، پردیپ اپادھیائے اور گروپ کے ساتھ وہ گزشتہ تیس برسوں سے ہیں۔ سب ایک دوسرے کے دکھ سکھ کے ساتھی ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ چونکہ خدا ایک ہے اس لیے وہ ایک دوسرے کے مذہب پر عمل کرتے ہیں۔

پریش پاتڑیا صنعت کار ہیں اور انہیں اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ روزہ رکھنا اچھا لگتا ہے اور صرف وہی نہیں ان کے ساتھ ان کا پورا گھر رمضان میں روزے رکھتے ہیں اور اپنے ہی گھر افطاری کا اہتمام کر کے اپنے مسلم دوستوں اور ان کے خاندان کو مدعو بھی کرتے ہیں۔

پریش ، پردیپ اور ساجد کے ہی گروپ میں جعفر عالم بھی ہیں۔ جعفر کے مطابق انہیں ان تیس برسوں میں کبھی یہ محسوس نہیں ہوا کہ وہ ہندؤں سے الگ ہیں وہ اگر بھگوان کی آرتی کرتے ہیں تو انہیں کبھی کچھ غلطی کا احساس نہیں ہوا۔

ریحانہ اسماعیل شیخ ہر برس اپنے گھر میں گنپتی لاتی ہیں اور پوجا پاٹ کرتی ہیں۔ پولیس اہلکار کی بیٹی ریحانہ نے ہندو گھرانے میں شادی کی ان کے شوہر انگریزی کے مشہور اخبار میں اسسٹنٹ ایڈیٹر ہیں۔ ہندو گھرانے میں شادی کے بعد سے ریحانہ نے ہندو مذہب کے ہر طور طریقہ کو اپنا لیا۔

اس مرتبہ انہوں نے ڈیڑھ دن کے گنپتی کو اپنے گھر بٹھایا تھا۔ ریحانہ کہتی ہیں کہ جس طرح ہر لڑکی شادی کے بعد اپنا گھر بھول کر سسرال کے طور طریقہ اپناتی ہے اسی طرح انہوں نے اس روایت پر صرف عمل کیا ہے۔ تاہم ریحانہ کو افسوس ہے کہ ان کے اس عمل پر ان کے مائیکے کے چند لوگ انہیں کافر کہنے لگے ہیں لیکن انہیں اس کا دکھ نہیں ہے۔

بالی وڈ اداکار سلمان خان کے اپنے گھر میں گنیش چتورتھی کے موقع پر گنپتی بھگوان کو لایا جاتا ہے اور ڈیڑھ دن کی پوجا کے بعد انہیں وہ غرقاب بھی کرنے جاتے ہیں۔ سلمان خان کی ماں سلمی ایک ہندو برہمن گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں لیکن سلیم خان سے شادی کے بعد ان کا نام سلمی رکھ دیا گیا تھا۔ سلیم خان کا گھرانہ بالی وڈ کا سب سے زیادہ سیکولر گھرانہ مانا جاتا ہے کیونکہ ہندو ماں ہونے کے ساتھ ان کے بھائی ارباز کی بیوی عیسائی مذہب سے تعلق رکھتی ہیں۔

ممبئی میں ایسی کئی مثالیں مل جائیں گی اور اس کی وجہ ہے کہ یہ کاسموپلیٹین شہر ہے یہاں ہر مذہب ہر فرقے ہر نسل کے لوگ آباد ہیں۔ کئی رسمیں اور شادی کی کئی تقاریب میں رواج ایک جیسے بن گئے ہیں۔ ایسے سیکولر کئی گروپوں کا کہنا ہے کہ اگر لوگ اسی طرح ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر رہیں گے تو شاید ہندوستان میں تمام فرقوں کے درمیان سیاستدانوں کی پھیلائی نفرت ختم ہو جائے۔