شریف برادران کو قتل کی سازش: اسحٰق

شریف برادران
،تصویر کا کیپشنمیاں نواز اور شہباز شریف کے قتل کے لئے ایک اعلٰی حکومتی شخصیت نے ایک دوسرے صوبے سے دو سو افراد کو پنجاب بھیجا ہے
    • مصنف, آصف فاروقی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
  • وقت اشاعت

سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے پارلیمانی لیڈر اور نواز شریف کے قریبی دوست اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کے قائدین شریف برادران کے قتل کی سازش ہو رہی ہے۔

جمعرات کے روز سینیٹ کے اجلاس کے دوران ایک نکتہ اعتراض پر تقریر کرتے ہوئے اسحٰق ڈار نے کہا کہ اگر شریف برادران میں سے کسی کو کچھ ہوا تو مسلم لیگ ملک کی سب سے بڑی حکومتی شخص کے خلاف قانونی کارروائی کریگی۔

اسحٰق ڈار نے ایک غیر ملکی اخبار میں چھپنے والی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میاں نواز اور شہباز شریف کے قتل کے لئے ایک اعلٰی حکومتی شخصیت نے ایک دوسرے صوبے سے دو سو افراد کو پنجاب بھیجا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس خبر کی تردید بھی نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ اگر شریف برادران میں سے کسی کے ساتھ ایسا کوئی حادثہ ہوا تو ان کی جماعت حکومت میں شامل ایک بڑی شخصیت کے خلاف پولیس مقدمہ درج کروائے گی۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ ان کی جماعت نے لانگ مارچ کے موقع پر اپنے کارکنوں اور رہنماؤں کی گرفتاریوں کے خلاف بطور احتجاج سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب میں حصہ نہیں لیا۔ واضح رہے کہ چیئرمین سینیٹ کے طور پر جب فاروق نائیک کے انتخاب کا اعلان ہوا تو اس موقع پر اسحٰق ڈار سمیت بیشتر مسلم لیگی ارکان نے ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا۔

اسحٰق ڈار نے کراچی اور بعض دیگر شہروں میں مسلم لیگی ورکرز اور وکلاء کی گرفتاریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پرامن لانگ مارچ کو جس طرح تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے اس سے حکومت کی فسطائی سوچ کی عکاسی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ سب بینظیر بھٹو کے دستخط کردہ میثاق جمہوریت کے بالکل الٹ ہے۔ ’یہ حکمران جماعت کی بہت بڑی بدقسمتی ہے کہ محترمہ کے انتقال کے بعد انہوں نے جو وعدے اور مشن مقرر کیے تھے ان کی جماعت ان سب کے بالکل الٹ چل رہی ہے۔‘

اسحٰق ڈار نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پرویز مشرف کے اقتدار کے خاتمے سے کوئی سبق نہیں سیکھا اور آج اسی کی پالیسیوں پر چل رہی ہے۔ مسلم لیگ کے مرکزی رہنما نے کہا کہ حکومت گرفتاریاں نہ کرنے کی یقین دہانی کروائے انکی جماعت لانگ مارچ کے پرامن ہونے کی ضمانت دے گی۔