ٹرمینل پر حملہ، آٹھ نیٹو کنٹینر تباہ

- مصنف, دلاور خان وزیر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
- وقت اشاعت
پشاور میں حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان میں تعینات اتحادی افواج کو سامان لے جانے والے ٹرکوں کے ایک اور اڈے پر نامعلوم مسلح افراد نے راکٹوں سے حملہ کیا ہے جس میں آٹھ سے زیادہ ٹرک تباہ ہوگئے ہیں۔
تازہ واقعہ پشاور کے علاقے رنگ روڈ پر پاک افغان ٹرمینل پر اتوار کی صبح تین بجے کے قریب پیش آیا۔
پشاور پولیس کے ایک اہلکار محمد جاوید نے بی بی سی کو بتایا کہ مسلح افراد نے رات کی تاریکی میں اچانک پاک افغان اڈے کے قریب پہنچےاور وہاں کھڑی ٹرکوں پر راکٹ فائر کیے اور ٹرکوں میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجہ میں آٹھ سے زیادہ ٹرک جل کر تباہ ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمینل پر حملے کے بعد پولیس وہاں پہنچ گئی تھی اور فائر بریگیڈہ کے سات گاڑیوں نے آگ بجھانے میں حصہ لیا ہے انہوں نے کہ ٹرمینل میں موجود دو افراد زخمی ہوئے ہیں جس میں ایک گاڑی کے ڈرائیور اور کنٹریکٹر شامل ہیں۔ ایک اور پولیس اہلکار نے بتایا کہ تباہ شدہ گاڑیوں پر سامان لدا ہوا تھا۔جو آگ لگنے سے مکمل طور پر جل گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے کچھ عرصہ پہلے بھی نیٹو کےلیے رسد لے جانے والے قافلے خیبر ایجنسی میں اس وقت تعطل کے شکار ہوگئے تھے جب نامعلوم افراد نے ایک پل کو تباہ کر کے قافلے کے راستے کو بند کر دیا تھا۔
اس واقعہ کی کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ البتہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان کے ترجمان مولوی عمرنے کچھ عرصہ پہلے بی بی سی کو بتایا تھا کہ قبائلی علاقوں میں اتحادی افواج کے حملے تسلسل کے ساتھ جاری ہیں اور اس میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے۔
انہوں نے دھمکی دی تھی کہ جب تک قبائلی علاقوں میں نیٹو اور امریکی کارروائیاں بند نہیں ہوتیں وہ اتحادی افواج کے لیے سامان لے جانے والوں پر حملے کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ پشاور کے علاقے رنگ روڈ پر گزشتہ چند ماہ کے دوران نیٹو افواج کے لیے رسد لے جانے والی گاڑیوں کے اڈوں پر مسلح افراد کی طرف سے کئ بار حملے کیے جاچکے ہیں جس میں اب تک تین سو سے زائد گاڑیوں کو تباہ کیا گیا ہے جن پر اتحادی افواج کا جنگی ساز و سامان بھی لدا ہوا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی






















