پشاور، نیٹو ٹرمینل حملہ دس ٹرک تباہ

- مصنف, دلاور خان وزیر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
- وقت اشاعت
پشاور میں حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان میں تعینات اتحادی افواج کو سامان لے جانے والے ٹرکوں کے اڈے پر دوسرے روز بھی نامعلوم مسلح افراد نے راکٹوں سے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا جس میں الفیصل ٹرمینل میں دس سے زائد ٹرک تباہ ہو گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ پشاور کے علاقے پشتہ خرہ میں الفیصل ٹرمینل پر پیر کی صبح دو بجے کے قریب پیش آیا۔ پشاور پولیس کے ایک اہلکار سیف الرحمٰن نے بی بی سی کو بتایا کہ مسلح افراد نے رات کی تاریکی میں الفیصل ٹرمینل میں کھڑی ٹرکوں پر کئی راکٹ فائر کیے جس سے زوردار دھماکے ہوئے اور اس کے بعد ٹرکوں میں آگ بھڑک اٹھی اور دس سے زیادہ ٹرک جل کر تباہ ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمینل پر حملے کے بعد پولیس جائے وقوع پہنچ گئی اور فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیوں نے آگ بجھانے میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمینل میں موجود دو افراد زخمی ہوئے ہیں جو دونوں ٹرمینل کے چوکیدار بتائے جاتے ہیں۔ پولیس اہلکار نے بتایا کہ تباہ شدہ گاڑیوں پر سامان لدا ہوا تھا اور آگ لگنے سے مکمل طور پر جل گیا۔
اس واقعہ سے ایک روز قبل رنگ روڈ پر واقع پاک افغان ٹرمینل پر بھی نامعلوم افراد نے راکٹوں سے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں آٹھ ٹرک جل کر تباہ ہوگئے تھے۔ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک ڈرائیور اور ایک کلینر بھی زخمی ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ اس سے کچھ عرصہ پہلے بھی نیٹو کےلیے رسد لے جانے والے قافلے خیبر ایجنسی میں اس وقت تعطل کے شکار ہوگئے تھے جب نامعلوم افراد نے ایک پل کو تباہ کر کے قافلے کے راستے کو بند کر دیا تھا۔ اس واقعہ کی کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
البتہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان کے ترجمان مولوی عمرنے کچھ عرصہ پہلے بی بی سی کو بتایا تھا کہ قبائلی علاقوں میں اتحادی افواج کے حملے تسلسل کے ساتھ جاری ہیں اور اس میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے دھمکی دی تھی کہ جب تک قبائلی علاقوں میں نیٹو اور امریکی کارروائیاں بند نہیں ہوتیں وہ اتحادی افواج کے لیے سامان لے جانے والوں پر حملے کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ پشاور کے علاقے رنگ روڈ پر گزشتہ چند ماہ کے دوران نیٹو افواج کے لیے رسد لے جانے والی گاڑیوں کے اڈوں پر مسلح افراد کی طرف سے کئ بار حملے کیے جاچکے ہیں جس میں اب تک تین سو سے زائد گاڑیوں کو تباہ کیا گیا ہے جن پر اتحادی افواج کا جنگی ساز و سامان بھی لدا ہوا تھا۔


















