’چیف جسٹس کی بحالی غیر مشروط ہے‘

قمر کائرہ
،تصویر کا کیپشنقمرالزان کائرہ کے مطابق معزول ججوں کی بحالی کے بعد ایک نئی مثبت سمت میں سفر شروع ہوا ہے
    • مصنف, ذیشان ظفر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
  • وقت اشاعت

وفاقی وزیرِ اطلاعات قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ چیف جسٹس افتخار چودھری کی بحالی غیر مشروط ہے اور انھیں دوبارہ حلف اٹھانےکی ضرورت پیش نہیں ہے۔

اتوار کے روز اسلام پریس کلب میں ایک نیوز کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ حکومت نے معزول چیف جسٹس افتخار چودھری کو غیر مشروط طور پر بحال کیا ہے اور چونکہ ان کی بحالی وزیراعظم کے ایگزیکٹو آڈر کے ذریعے ہوئی ہے اس لیے چیف جسٹس کو دوبارہ حلف نہیں لینا ہو گا۔

واضع رہے کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی جانب سے معزول ججوں کو بحال کرنے کے اعلان کے لگ بھگ پندرہ گھنٹے بعد بھی اس حوالے سے کوئی سرکاری اعلامیہ جاری نہیں ہوا ہے۔

ایک سوال کہ کیا تیسری قوت ( آرمی ) کی مداخلت پر چیف جسٹس افتخار چودھری کو بحال کیا گیا ہے تو اس پر قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ ’سکیورٹی کے ادارے سے مشاورت کی گئی لیکن بحالی کے معاملے پر کوئی ڈیکٹیشن قبول نہیں کی ہے ۔‘

وفاقی وزیرِ اطلاعات قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ جب سیاست میں ڈیڈ لاک آ جاتا ہے تو آپ ایک بند گلی کے اندر داخل ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے مختلف مسائل جنم لیتے ہیں ۔ تاہم حکومت نے سیاسی ڈیڈ لاک ختم کرنے کے لیے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے معزول ججوں کو بحال کر دیا۔

انھوں نے کہا کہ صدر زرداری اور پارٹی کی مرحومہ چیر پرسن بینظر بھٹو کا عوام سے کیا گیا وعدہ حکومت نے پورا کر دیا ہے اور آج سیاسی جمود ختم ہو چکا ہے لیکن اب ہمیں شکوک و شبہات اور ماضی کی تلخیوں کو بھول کر قوم کو ایک ہیجان کی کیفیت سے باہر نکال کر ملک کو درپیش دیگر مختلف مسائل سے نمٹنا ہو گا۔

قمرالزان کائرہ کے مطابق معزول ججوں کی بحالی کے بعد ایک نئی مثبت سمت میں سفر شروع ہوا ہے جس میں ہمیں معاشرے کے تمام طبقوں ، ریاستی اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ اگر دوبارہ تضاد اور ڈیڈ لاک چاہے وہ سیاسی یا عدالتی ہوئے تو پھر کل کو اس کا نتیجہ وہی ہو گا جس کی وجہ سے آج ہم یہاں کھڑے ہوئے ہیں ۔