اہم پیشرفت ججوں کی بحالی ہے: زرداری

- مصنف, آصف فاروقی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
- وقت اشاعت
پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت کا ایک سال پورا ہونے پر ایوان صدر سے جاری ہونے والے ایک پیغام میں صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ ’موجودہ حکومت کا ایک سال مکمل ہوتے ہوتے ایک اہم پیشرفت تمام معزول ججوں کی نومبر تین دو ہزار سات سے پہلے کی پوزیشن پر بحالی ہے‘۔
صدر زرداری نے کہا کہ کسی بھی حکومت کی کامیابی جانچنے کے لیے یہ دیکھنا ضروری ہوتا ہے کہ حکومت نے ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے اور عوام کی حالت بہتر بنانے کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں۔
صدرِ مملکت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے پہلے سال میں قیام امن اور معاشی ترقی کی جانب اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
صدر مملکت نے معزول ججوں کی بحالی، معاشی استحکام، شدت پسندی کے خاتمے کے لیے کیے گئے بعض اقدامات، ممبئی حملوں کی تحقیقات اور لائن آف کنٹرول سے تجارت کے آغاز کو موجودہ حکومت کے پہلے سال کے اہم کارناموں میں شمار کیا ہے۔
انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو غریبوں کی بہتری کے لیے کیا جانے والا تاریخی قدم قرار دیا ہے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں عوامی فلاح کا ایسا منصوبہ شروع نہیں کیا گیا۔


















