بلوچستان: دھماکے میں دو افراد ہلاک

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنپولیس کے مطابق یہ دھماکہ بگٹی قبیلے کے دو گروہوں کے درمیان دشمنی کا نتیجہ ہے
    • مصنف, عزیز اللہ خان
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
  • وقت اشاعت

بلوچستان کے شہر ڈیرہ مراد جمالی کے قریب ایک دھماکے میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ سوئی میں ایک گیس پائپ لائن کے پاس دھماکہ ہوا ہے جس سے پائپ لائن کو نقصان پہنچا ہے۔

ڈیرہ مراد جمالی کے ضلعی پولیس افسر ڈاکٹر فرخ نے بتایا ہے کہ یہ دھماکہ چھتر روڈ پر ہوا ہے ۔ دھماکہ بارودی سرنگ کا تھا جس کے ساتھ دھماکہ خیز مواد بھی نصب تھا۔ پولیس کے مطابق اس بارودی سرنگ سے موٹر سائیکل ٹکرا گئی تھی۔

ڈیرہ مراد جمالی سے مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار دو افراد ہلاک جبکہ پیدل جانے والے تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔

ڈاکٹر فرخ کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ دھماکہ بگٹی قبیلے کے دو گروہوں کے درمیان دشمنی کا نتیجہ ہے۔

ادھر سوئی میں ایک گیس پائپ لائن کے قریب دھماکے سے پائپ لائن کو نقصان پہنچا ہے۔ یہ گیس پائپ لائن کنواں نمبر ایک سے کمپریسر پلانٹ کی طرف جاتی ہے۔ اس دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم بلوچ ریپبلکن آرمی کے ترجمان سرباز بلوچ نے قبول کی ہے۔ سرباز بلوچ نے کہا ہے کہ ان کی اطلاعات کے مطابق کچھ غیر ملکی کمپنیاں بلوچستان میں گیس اور تیل کی تلاش کے لیے سرکاری حکام کے ساتھ کام کر رہی ہیں جس کی وہ اجازت نہیں دیں گے۔ ترجمان نے دھمکی دی کہ غیر ملکی کمپنیاں بلوچستان سے چلی جائیں وگرنہ وہ خود نقصان کی ذمہ دار ہوں گی۔

اس کے علاوہ گزشتہ روز ڈیرہ بگٹی میں پیر کوہ اور سوئی میں گیس کی دو پائپ لائنوں کو دھماکے سے اڑایا گیا ہے۔ گیس پائپ لائن دھماکے کی ذمہ داری کالعم تنظیم بی آر اے کے ترجمان نے قبول کی ہے۔

جمعرات کو صدر آصف علی زرداری کوئٹہ پہنچ رہے ہیں اور صدر کے دورے کے لیے کوئٹہ میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں اورحساس مقامات پر قانون نافذ کرنے والے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔